ایم کیو ایم تباہی کی طرف گامزن ، فوری انٹر پارٹی الیکشن کرائے جائیں : فاروق ستار

ایم کیو ایم تباہی کی طرف گامزن ، فوری انٹر پارٹی الیکشن کرائے جائیں : فاروق ...

کراچی ( مانیٹرنگ ڈیسک ) ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار نے پارٹی میں انٹرا پارٹی الیکشن کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے نظریاتی جماعت بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ 13 ستمبر کو رابطہ کمیٹی سے استعفیٰ دیا اور ذاتی وجوہات بتائیں لیکن آج اصل وجوہات بتارہا ہوں۔ اس وقت ایم کیوایم جس صورتحال سے دوچار ہے اس کے لیے ضروری ہے کہ رابطہ کمیٹی فی الفور تمام کارکنان اور ذمہ داران کو عزت کے ساتھ 5 فروری کی پوزیشن پر بحال کرے۔ 25 جولائی کے انتخابات میں ایم کیوایم پاکستان کراچی میں 17 نشستوں سے 4 پر پہنچا دی گئی، آئندہ آزمائش بلدیاتی انتخابات ہیں، اگر تنظیم کو تقسیم اور تباہی سے بچانا ہے، اس کا کھویا وقار واپس لانا ہے تو پانچ فروری کی لائن اگر تقسیم کی تھی تو وہی دوبارہ متحد ہونے کی ہوگی۔ پارٹی تباہی کی طرف چل پڑی ہے، مکمل تباہی سے بچانے کے لیے جتنی جلدی ممکن ہو پارٹی میں انٹرا پارٹی الیکشن کا انقعاد کرایا جائے، موجودہ بدنظمی اور افراتفری کی صورتحال سے نکلنے کے لیے کارکنان سے فریش مینڈیٹ لیا جائے۔فاروق ستار کا مزیدکہنا تھاکہ پتا ہے میری پریس کانفرنس کا بہادر آباد سے جواب آئے گا لیکن کوشش کروں گا اس کا جواب پہلے ہی دے دوں، حادثاتی طور پر 23 اگست کو لندن سے میں نے قیادت لے لی، میں نے پارٹی کو بچایا، ہر کارکن ووٹر اس تاریخی حقیقت کو جانتا اور مانتا ہے، اس بنا پر دل سے میری عزت کرتا ہے۔ خالد مقبول صدیقی نے کارکنان سے مینڈیٹ نہیں لیا اور حادثاتی طورپر مجھ سے سربراہی لے لی لہٰذا تنظیم کی موجودہ صورتحال اس بات کا تقاضہ کرتی ہے جلد از جلد انٹرا پارٹی الیکشن کرایا جائے۔ ایک فرد واحد نے مجھے ٹارگٹ کرکے نقصان پہنچایا اور ہروایا، مجھ سے 9 نومبر کی پریس کانفرنس کا بدلہ لیا گیا۔

فاروق ستار

مزید : صفحہ آخر