عوام کو کم قیمت پر معیاری گھروں کی فراہمی حکومت کا عزم ،محمود الرشید

عوام کو کم قیمت پر معیاری گھروں کی فراہمی حکومت کا عزم ،محمود الرشید

لاہور ( نمائندہ خصوصی)صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ’’ اپنا گھر ہاؤسنگ سکیم ‘‘کے تحت عوام کو کم قیمت پر معیاری گھروں کی فراہمی موجودہ حکومت کا عزم ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے ملک کے 7 شہروں کے ساتھ ساتھ فیصل آباد سے پائلٹ پراجیکٹ کا آغاز کیا جا رہا ہے جسے بعد ازاں پنجاب کے دوسرے شہروں میں پھیلایا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر برائے ہاؤسنگ میاں محمود الرشید نے گزشتہ روزپنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (PHATA) کے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ کو ہدایات دیں کہ وہ تین دن کے اندر منصوبے کے لیے مختص جگہ کا معائنہ کر کے رپورٹ مرتب کریں تا کہ گھروں کی تعمیر کے لیے ماہرین کی نگرانی میں پلان وضع کیا جا سکے۔ یہ پائلٹ پراجیکٹ فیصل آباد تا جڑانوالہ روڈ سے ملحقہ مکوانہ روڈ پر واقع سرکاری اراضی پر تعمیر کیا جائے گا۔اس مقصد کے لیے مختص زمین پنجاب لینڈ ڈیویلپمنٹ کمپنی (PLDC) پہلے ہی حاصل کر چکی ہے۔ 655 کنال پر محیط اس کم قیمت رہائشی منصوبے میں ایک، تین اور سات منزلہ فلیٹس کی تعمیر کی آپشنز زیرِ غور ہیں جس کے لیے حتمی فیصلہ ماہرین کی مشاورت سے کیا جائیگا۔ میاں محمود الرشید نے مزید بتایا کہ اس منصوبے کے کامیاب آغاز پر سیالکوٹ میں بھی اسی طرز کا منصوبہ شروع کیا جائے گا جس کے لیے مختص 1664 کنال اراضی پنجاب لینڈ ڈیویلپمنٹ کمپنی پہلے ہی حاصل کر چکی ہے۔

مزید : صفحہ آخر