کل پنجاب کی سڑکوں پر شیر ہی دھاڑے گا،حمزہ شہباز شریف

کل پنجاب کی سڑکوں پر شیر ہی دھاڑے گا،حمزہ شہباز شریف

لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف نے کہا کہ کل14اکتوبر کو مخالفین کے منفی ہتھکنڈوں کے باوجود پنجاب کی سڑکوں پر شیر ہی دھاڑے گا،جعلی مینڈیٹ والے پی ٹی آئی کے اناڑی حکمرانوں نے 50دنوں میں ہی عوام کا جینا مشکل کردیا عمران نیازی کہتے تھے کہ اگر میں آئی ایم ایف سے قرضہ لوں گا تو اس سے پہلے خود کشی کر لوں گا ۔ وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا کہ میں آئی ایم ایف کے پیچھے نہیں چھپوں گا ، آپ کا وزیر اطلاعات کہتا ہے کہ گیس مہنگی نہیں ہو گی اور اگلے روز گیس مہنگی کر دی گئی،کہتے تھے بجلی مہنگی نہیں ہو گیاور اگلے روز بجلی کی قیمتیں بڑھا دیں ۔آج عمران نیازی کی وجہ سے ملک میں معاشی بحران پیدا ہوا،ڈالر کی قیمت میں صرف 9روپے اضافہ نہیں ہوا بلکہ قوم پر راتوں رات 900ارب روپے کا قرض چڑھ گیا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز لاہور، کھیوڑہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کی توجہ اس جانب مبذول کرانا چاہتا ہوں کہ آپ نے کہا کہ میں ہوتا تو پچاس لوگوں کو گرفتار کرا چکا ہوتا آپ کو اس کا آغاز کرنا چاہیے آپ کی بہن پر آ ف شور کمپنیوں کا الزام ہے ، پنجاب کابینہ کے سینئر وزیر کے خلاف ای او آئی بی کا سکینڈل ہے اور اسی طرح کی درجنوں مثالیں موجود ہیں۔نیازی صاحب اپنے دائیں بائیں جھانکیں جس شخص کو پنجاب میں سپیکر کے عہدے پر بٹھایا گیا ہے ان کی جانب سے پنجاب بینک پر 22ارب کا ڈاکہ ڈالا ، ان کا بیٹا این آئی سی ایل میں جیل کاٹ کر آیا ہے ، آپ پچاس لوگوں کا نام سامنے لائیں ، میں کہنا چاہتا ہوں کہ اگر نواز شریف اور مریم نواز جیل جا سکتی ہیں تو پھر عمران نیازی صاحب حوصلہ پیدا کرو علیمہ خان پر بھی آف شور کمپنیوں کا الزام ہے انہیں بھی گرفتار کرو ۔ انہوں نے کہا کہشہباز شریف کا جرم یہ ہے کہ اس نے ایک ایسے ٹھیکیدار کو نکالا جو مفرور ہے اور اس نے نیب کو جرمانہ ادا کر کے اپنی جان چھڑائی لیکن آپ کی خیبر پختوانخواہ حکومت نے اسے 71ارب روپے کا ٹھیکہ عنایت کردیا ۔ حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ مخالفین جتنے چاہیں منفی ہتھکنڈے استعمال کر لیں 14اکتوبر کو ایک بار پھر پنجاب کی سڑکوں پر شیرہی دھاڑے گا،جنرل الیکشن کی طرح ضمنی الیکشن میں بھی پری پول رگنگ جاری ہے ہمارے کارکنوں کو ہراساں کیا جا رہا ہے ان کے گھروں پر چھاپے مارے اور جعلی مقدمات بنائے جا رہے ہیں الیکشن کمیشن کو آگاہ کرنے کے باوجود اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ۔

حمزہ شہباز

مزید : صفحہ آخر