پی ٹی آئی تبدیلی نہیں مہنگائی لائی ، حکومتی پالیسیوں سے معیشت بیٹھ گئی ۱: سراج الحق

پی ٹی آئی تبدیلی نہیں مہنگائی لائی ، حکومتی پالیسیوں سے معیشت بیٹھ گئی ۱: ...

لاہور(جنرل رپورٹر)امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی تبدیلی نہیں مہنگائی لائی ہے،معیشت کی زبوں حالی سے آنے والے مہنگائی کے طوفان نے عام آدمی کی مشکلات میں اضافہ کردیا ہے ،حکومتی کابینہ میں اکثریت انہی لوگوں کی ہے جو مشرف کی کابینہ میں بھی شامل تھے ،اگر اس ٹیم میں تبدیلی لانے کی صلاحیت ہوتی تو یہ مشرف کی آمریت میں زیادہ بہتر کارکردگی دکھا سکتی تھی ،حکومتی پالیسیوں سے ملکی معیشت بیٹھ گئی ہے اور صرف ایک دن میں روپے کی قیمت میں کمی سے ملک پر نو سوارب سے زیادہ کا قرضہ بڑھ گیا ہے ۔حکومت کے خود انحصاری اور آئی ایم ایف کے پاس نہ جانے کے تمام دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ہیں ۔حکمران اگر آئی ایم ایف کے سامنے جھکنے کی بجائے اللہ کے در پر جھک جاتے تو انہیں آج شرمندگی کا سامنا نہ کرنا پڑتا،لیکن حکمران اللہ کے سامنے جھکنے کو تیار نہیں ہیں ۔ حکمران اور کچھ کریں یا نہ کریں ملک میں کتے اور بلیاں پالنے کے کلچر کو عام ضرور کررہے ہیں،اسلام قبول ہے لیکن اسلامی نظام حکومت ،معیشت اور معاشرت قبول نہیں، اس جہالت پر مبنی تصور کو بدلنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جامع مسجد منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے عوام سے بڑے بڑے وعدے کئے تھے اور اپنے منشور میں بھی خود انحصاری اپنانے اور اپنے قدموں پر کھڑا ہونے کے دعوے کئے تھے ،وزیر اعظم اور وزیر خزانہ آئی ایم ایف کے پاس جانے سے خود کشی کو بہتر قرار دے رہے تھے مگر اب وزیر خزانہ کہہ رہے ہیں کہ آئی ایم ایف کے پاس جانے کے علاوہ کوئی چارہ کار نہیں، سابقہ حکومتوں کی غلطیوں اور کوتاہیوں پر چینلز پر بیٹھ کرگھنٹوں لیکچر دینے والے آج وہی غلطیاں کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ حکومت چکنی چپڑی باتوں سے عوام کوزیادہ دیر بہلا نہیں سکتی اسے غربت ،مہنگائی اور بے روز گاری کے خاتمہ کیلئے جلد از جلد عملی اقدامات کرنا ہونگے ۔

سراج الحق

مزید : صفحہ آخر