دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے تجربہ سے استفادہ کیا جا سکتا ہے : شاہ محمود

دہشتگردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے تجربہ سے استفادہ کیا جا سکتا ہے : شاہ ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


دوشنبے (مانیٹرنگ ڈیسک ، نیوز ایجنسیاں) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے ایس سی او رکن ممالک کے درمیان مربوط رابطے اور تر قی کیلئے پرعزم ہیں ،باہمی اعتماد اور مربوط تعاون سے ہی آگے بڑھا جاسکتا ہے، پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے چارٹر کی بھرپور حمایت کرتا ہے، دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کے تجربے سے استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ جمعہ کو یہاں ایس سی او اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کرنا میرے لئے اعزاز ہے، وزیراعظم مصروفیت کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہ کرسکے ۔ ایس سی او رکن ممالک کے باہمی اعتماد اورمربوط تعاون سے ہی مشترکہ اہداف کا حصول ممکن ہے۔ شنگھائی تعاون تنظیم چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت رکھتی ہے ، عالمی تجارت کیلئے امن کا قیام ناگزیر ہے۔ پاکستان رکن ملک کی حیثیت سے بھرپور کردار ادا کرنا چاہتا ہے، رکن ملکوں کے درمیان تجارت، توانائی اور دیگر شعبوں میں فروغ کے خواہاں ہیں ۔بعدازاں تاجکستان کے صدر امام علی رحمان نے وزیر خارجہ شاہ محمود سمیت ایس سی او رہنماؤں سے ملاقات کی، ملاقات ایس سی او سربراہان حکومت کی کونسل کے اجلاس کے موقع پر ہوئی، صدارتی محل میں ہونیوالی ملاقات میں علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں ایس سی او کے پلیٹ فارم کے ذریعے رکن ملکوں میں تعاون اور روابط پر بات چیت ہوئی۔

مزید :

صفحہ آخر -