یواے ای میں جائیدادیں رکھنے والے 25 سیاستدانوں کا سراغ لگا لیاگیا
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی تحقیقاتی ادارے نے متحدہ عرب امارات میں جائیدادیں رکھنے والے 25 سیاستدانوں کا سراغ لگا لیا ۔ ایف آئی اے نے بیرون ملک اثاثہ جات کیس سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرا دی جس میں بتایا گیا ہے یو اے ای میں جائیداد یں رکھنے والے 25 سیاستدانوں کا پتہ چلا لیاگیاہے تاہم انکی جائیداد یں قانونی یا غیرقانونی ہونے کا تعین نہیں کیا جا سکا۔ساڑھے 400 پا کستانیوں نے دبئی میں جائیدادیں خریدنے کا اعتراف کرلیا،ایف آئی اے کی تحقیقات میں ایمنسٹی سکیم آڑے آگئی، ایمنسٹی سکیم سے فائد ہ اٹھانے والوں کی معلومات خفیہ ہونے کے باعث ایف آئی اے کو مشکلات درپیش ہیں۔سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں لکھا گیا ہے قانون کے مطابق ایف بی آر ایمنسٹی سکیم کی معلومات خفیہ رکھنے کا پابند ہے۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے نیب کے 21 ملزمان بھی ایمنسٹی سکیم سے فائدہ اٹھانے والوں میں شامل ہیں اور دو مفرور ملزمان بھی متحدہ عرب امارات میں جائیدادوں کے مالک ہیں۔ایف آئی اے کی رپورٹ کے مطابق 895 میں سے 642 افراد نے بیان حلفی جمع کرا دیے ہیں جبکہ 72 جائیدادوں سے متعلق پاکستانیوں نے ملکیت ہونے سے انکار کر دیا ہے۔خیال رہے سپریم کورٹ نے دبئی میں جائیدادیں رکھنے والے پاکستانیوں کی تحقیقات کا حکم دیا تھا اربوں ڈالر کا سرمایہ پاکستان سے کیسے اور کیوں منتقل ہوا؟متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کی جائیدادوں کا کھوج لگانے کیلئے سپریم کورٹ نے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی جس نے دبئی میں جائیدادیں رکھنے والے 895 پاکستانیوں کو نوٹسز جاری کیے تھے۔