حکومت کو لڑکھڑاتی ہوئی معیشت ورثے میں ملی، گورنر پنجاب

حکومت کو لڑکھڑاتی ہوئی معیشت ورثے میں ملی، گورنر پنجاب

لاہور( نمائندہ خصوصی )گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ سابق حکومت کے غلط فیصلوں ، ڈنگ ٹپاؤ پالیسیوں اور کرپشن کی وجہ سے ہماری حکومت کو لڑکھڑاتی ہوئی معیشت ورثے میں ملی ہے اور معیشت کے پہیے کو دوبارہ پٹری پر لانے کے لئے بلا شبہ تھوڑا وقت درکار ہے ۔ انشاء اللہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں عوام کو بہت جلد اس مشکل وقت سے نجات مل جائے گی ۔ بدقسمتی سے ماضی میں جو بھی حکومت آئی اس نے لانگ ٹرم پالیسیاں مرتب کرنے کی بجائے ایڈہاک ازم پر کام کیا ۔ پی ٹی آئی کی حکومت نوجوانوں کی سپورٹ سے برسراقتدار آئی ہے اور حکومت ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی ۔ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے گورنر ہاؤس لاہورمیں نیشنل کالج آف بزنس ایڈمنسٹریشن اینڈاکنامکس کے طلباء و طالبات کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا جنہوں نے نازیہ علی گیلانی کی قیادت میں اِن سے ملاقات کی ۔ اس موقع پر سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان ، بیگم گورنر پنجاب پروین سرور ، ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئرز میڈم ر وزی رضوی بھی موجود تھیں ۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پی ٹی آئی کھوکھلے نعروں اور جھوٹے وعدوں پر یقین نہیں رکھتی ۔اُنہوں نے کہا کہ حکومت اختیارات کی مرکزیت کی بجائے اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی پر یقین رکھتی ہے اور یہی وجہ ہے کہ بلدیاتی نظام میں تبدیلیاں لائی جا رہی ہیں ۔گورنر نے کہا کہ ترقیاتی فنڈ کا 30 فیصد بجٹ ویلیج کونسل کو دیا جائے گا۔بعد ازاں، گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن فیصل آباد امجد حسین ملک کی سربراہی میں وکلاء برادری کے آٹھ رُکنی وفد نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی۔اس موقع پر وکلاء برادری نے گورنر پنجاب کو اِنہیں درپیش مختلف مسائل سے آگاہ کیا۔ گورنر پنجاب نے وکلاء کو یقین دلایا کہ اِن کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔

گورنر پنجاب

مزید : صفحہ آخر