کمشنر مردان عبدالغفور بیگ کے زیر صدارت اجلات کا انعقاد

کمشنر مردان عبدالغفور بیگ کے زیر صدارت اجلات کا انعقاد

مردان(بیورورپورٹ) کمشنر مردان ڈویژن عبد الغفور بیگ کی زیر صدارت ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں سروس ڈیلیوری سنٹر کو درپیش مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ اور اس ضمن میں عوام کی شکایات کے ازالہ کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ۔ اجلاس میں ایم پی اے ظاہر شاہ طور و ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر مردان قاسم علی شاہ، منیجر ایس ڈی سی محمد شفیق اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ سروس ڈیلیوری سنٹر کے منیجر محمد شفیق نے کمشنر مردان کو سرو س ڈیلیوری سنٹر کو درپیش مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی ، جن میں سٹاف کی کمی ، ایس ڈی سی کے باہر ٹاؤٹس کی موجودگی ، خانہ کاشت میں انتقالات اور رجسٹریشن عمل شامل ہیں ۔ کمشنر مردان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کوبہترین سہولیات انکی دہلیز پر فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ خانہ کاشت ، فردات اور انتقالات کے مسائل کو جلد از جلد حل کیا جائیگا۔ کمشنر مردان نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ وہ ایک ہفتے کے اندر اندر انتقالات کے تمام کیسز کو حل کریں۔ ایم پی اے ظاہر شاہ طورو نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صوبائی حکومت عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے پر یقین رکھتی ہے اور محکمہ مال اور انتقالات کے نظام کر کمپیوٹرائزڈ کرنا ایک انقلابی قدم ہے اور اس میں وقت کے ساتھ ساتھ اصلاحات کئے جائیں گی ۔ تاکہ عام آدمی اس سے مستفید ہوسکے۔

مزید : پشاورصفحہ آخر