ڈیرہ ،14 اکتوبر ضمنی الیکشن ،ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر انتظامات کا جائزہ

ڈیرہ ،14 اکتوبر ضمنی الیکشن ،ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر انتظامات کا جائزہ

ڈیرہ اسماعیل خان( بیورورپورٹ) 14اکتوبر2018ضمنی الیکشن پی کے97ڈیرہ ون اورPK99کلاچی کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ نے ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی کی ہدایت پرانتظامات کوحتمی شکل دے دی ۔تمام محکموں ریسکیو1122،صحت ،الیکشن کمیشن ،تعلیم ،کالجز،پولیس اورپاک فوج کے ساتھ الیکشن کے حوالے سے تمام مشاورت مکمل کرلی گئی ۔ الیکشن کے دوران پولنگ اسٹیشنزتک پولنگ عملہ کو پہنچانے ،صحت کی سہولیات ،سیکورٹی ،سی سی ٹی وی کیمروں اورریسکیوٹیموں کے حوالے سے پلان مکمل ہوگیا۔ تمام پولنگ اسٹیشنزکے نقشے بنادیے گئے ہیں ۔ مانیٹرنگ ٹیمیں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے حوالے سے کام کر رہی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے بتایاکہ دونوں صوبائی اسمبلی کے حلقوں پرکل 287پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جن میں سے137پولنگ اسٹیشنز PK97 اور150پولنگ اسٹیشنز PK99میں قائم کیے گئے ہیں۔ کل ووٹرز کی تعداددونوں حلقوں پر3لاکھ 11ہزار841ہے اوران حلقوں میں 2مانیٹرنگ آفیسرزنامزدکیے گئے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ڈپٹی کمشنر دفترمیں ایک کنٹرول روم قائم کیاگیاہے جوچوبیس گھنٹے کام کرے گا۔ ڈپٹی کمشنر دفترہفتہ اوراتواردونوں ایام میں کھلارہے گا ۔ ہسپتالوں میں ایمرجنسی لگادی گئی ہے ۔ اس دوران تمام ڈاکٹرزڈیوٹی پر موجودہوں گے ۔پولیس نے بھی اپنا سیکورٹی پلان مکمل کرلیاہے ۔ہرپولنگ اسٹیشن میں پولنگ عملہ کے علاوہ پولیس اورپاک فوج کے جوان بھی تعینات ہوں گے ۔ کوئیک ریسپانس کی ٹیمیں مختلف جگہوں پرموجودہوں گی اورکسی بھی ناخوشگوار واقعہ کی صورت میں فوراًمتعلقہ جگہ پرپہنچ کر اپنی کاروائی کرینگی ۔ ڈپٹی کمشنر ڈیرہ نعمان افضل آفریدی نے کہاکہ ضلعی انتظامیہ نے نوٹیفکیشن کے ذریعے دفعہ144کے تحت 16اکتوبرتک موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پرپابندی عائد کر دی ہے جس میں خواتین بچے ،بوڑھے اورمریض مستثنیٰ ہوں گے ۔ اسلحہ کی نمائش وہوائی فائرنگ کرنے اورگاڑیوں کے کالے شیشوں کے استعمال سمیت لاؤڈ اسپیکر کے استعمال پر پابندی لگادی گئی ہے اسی طرح پولنگ اسٹیشن سے چارسو میٹرکے اندرانتخابی کیمپ پربھی پابندی ہے ۔ سیکورٹی خدشا ت کے پیش نظرالیکشن میں حصہ لینے والے امیدواروں کو بھی محتاط رہنے اوراپنی سیکورٹی کا خیال رکھنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جب کہ ضلعی انتظامیہ اورپولیس بھی ان کی سیکورٹی کرے گی ۔

مزید : پشاورصفحہ آخر