وزیر اعظم کا اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خصوصی پیکیج لانے کا اعلان

وزیر اعظم کا اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خصوصی پیکیج لانے کا اعلان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کیلئے خصوصی پیکیج لانے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے اوور سیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر کیلئے خصوصی مراعات دی جائیں گی ، بینکنگ چینل سے رقوم بھیجنے کی راہ میں حائل رکاوٹیں دور کی جائیں گی، رکاوٹیں دور کرنے سے ترسیلات زر 20ارب ڈالر سے بڑھا کر 40ارب ڈالر تک کی جاسکتی ہیں، حکومت اوورسیز پاکستانیو ں کے اثاثوں اور جائیدادوں کا قبضہ مافیا سے مکمل تحفظ بھی یقینی بنائیگی۔ جمعہ کو سوشل میڈیا پر جاری کردہ بیان میں انہوں نے کہا اوورسیز پا کستا نیوں کے ایک گروہ سے سیر حاصل ملاقات کا موقع ملا۔ ہم بینکنگ چینلز سے ترسیلاتِ زر کی حوصلہ افزائی اور اس راہ میں حائل رکاوٹیں دورکرنے کیلئے پر عزم ہیں ،فلپائن کامیابی سے یہ کارنامہ سرانجام دے چکا ہے۔ اوور سیز پاکستانیوں کی ترسیلات زر کیلئے خصوصی مراعات د ی جائیں گی ، ہم اوورسیز پاکستانیوں کو وطن واپسی کے موقع پر امیگریشن کے حوالے سے درپیش مشکلات کے خاتمے کیلئے بھی خصوصی اقدا ما ت اٹھا رہے ہیں۔ پاکستانی سفارتخانوں کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے تحفظات موثر انداز میں دور کرنے کی واضح ہدایات جاری کر دی ہیں ۔وزیر اعظم کامزیدکہنا تھابیرون ملک پاکستانی مشنز کو پاکستانیوں کے خدشات بہتراندازمیں حل کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔

بعدازاں فاٹا سے تعلق رکھنے والے سینیٹرز کے وفد نے وزیراعظم عمران خان سے پی ایم آفس میں ملاقات کی،اس موقع پروزیر اعظم عمران خان کاکہنا تھا فاٹا انضمام کی تکمیل اور قبائلی علاقہ جات میں دیگر علاقوں کی طرح سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، قبائلی علاقہ جات میں لوکل گورنمنٹ کے نفاذ سے عوام کو صحیح معنوں میں بااختیار بنانے ترقیاتی عمل کو یقینی بنانے میں خاطر خواہ مدد ملے گی، کوشش ہے قبا ئلی علاقوں میں لوکل گورنمنٹ کے نفاذ کو جلد ممکن بنایا جائے، وفد میں سینٹرز سید شبلی فراز، ہدایت اللہ، ہلال الرحمان، اورنگزیب، تاج محمد، سجا د حسین، حاجی مومن خان اور مرزا محمد آفریدی شامل تھے، ملاقات میں قبائلی علاقوں کی مجموعی صورتحال ، فاٹا انضمام، انتظامی امور و دیگر ایشوز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

وزیر اعظم اعلان

مزید : کراچی صفحہ اول