حکومتی اقدامات کے باعث روپے کے مقابل ڈالر 2 روپے سستا
کراچی(سٹاف رپورٹر)انٹر بینک کرنسی مارکیٹ میں جمعہ کے روز کاروبار کے آغاز میں ڈالر کے مقابل روپے کی قدر میں دو روپے کا اضافہ ہوا ہے۔فاریکس ڈیلرز کے مطابق انٹر بینک میں روپے کے مقابل ڈالر کی قدر دو روپے گر گئی،جس کے بعد ڈالر کی قیمت 133.80 سے کم ہو کر 131.80 روپے ہو گئی ۔گزشتہ روزانٹر بینک میں ڈالر کی قدر 14 پیسے اضافہ کیساتھ 133.76 روپے سے بڑھ کر 133.90 رو پے ہوگئی تھی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 20 پیسے سستا ہوا تھا، اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 134 روپے 50 پیسے ہو گئی تھِی۔بدھ کے روز انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر میں 38 پیسوں کی کمی ہوئی تھی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالرکی قدر ایک روپے گر گئی تھی۔ بدھ کو انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی قدر 133 روپے 25 پیسے ہو گئی تھی۔منگل کو ڈالر انٹر بینک میں 12 روپے 75 پیسے مہنگا ہو کر137 روپے تک فروخت ہوا تھا تاہم مارکیٹ کے اختتام پر ڈالر کی قیمت 133 روپے 64 پیسے رہی تھی۔ ڈالر کی قیمت میں اضافے کی وجہ سے ایک دن میں پاکستا ن کے بیرونی قرضے 900 ارب سے تجاوز کر گئے تھے۔عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا ڈالر کے مقابل رو پے کی قدر گرا کر 145 روپے فی ڈالر کی سطح تک لایا جائے لیکن پاکستانی حکام کا موقف تھا بیرونی اکاؤنٹ کے چیلنج سے نمٹنے کیلئے اس مالیاتی سال کے آخر تک شرح تبادلہ 137 روپے فی ڈالر کافی رہے گی۔ آئی ایم ایف سے قرض کی باقاعدہ درخواست کیے جانے کے بعد عالمی ما لیا تی ادارے کی شرائط سامنے آنا شروع ہو گئی ہیں۔ ان شرائط میں پاکستان سے کہا گیا ہے وہ اب تک حاصل کردہ قرضوں کی تفصیل فراہم کرے۔