ڈاؤ ڈینٹل کالج کا مسئلہ ہر صورت میں حل کرائیں گے،گورنر سندھ

ڈاؤ ڈینٹل کالج کا مسئلہ ہر صورت میں حل کرائیں گے،گورنر سندھ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ڈاؤ ڈینٹل کالج کے طالب علموں کی رجسٹریشن کا مسئلہ حل کیا جائے گا اور کسی بھی صورت ان کا تعلیمی سال ضائع نہیں ہونے دیں گے، مستقبل کے معماروں کا یوں اپنے جائز مسئلہ کے لئے سڑکوں پر آنا اچھی بات نہیں اور اس ضمن میں تمام متعلقہ اداروں سے بات کروں گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صحت کے شعبہ میں جدید نظریات اور ایجادات کے موضوع پر منعقدہ چوتھی آل پاکستان نمائش سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کا اہتمام ڈاؤ یونیورسٹی اور ڈائس نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سیماء ، وائس چانسلر ڈاؤ یونیورسٹی پروفیسر سعید قریشی، ڈائس کے بانی چیرمین ڈاکٹر خورشید قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ طالب علموں کو اپنی پڑھائی پر بھرپور توجہ دینے کے لئے ضرور ی ہے کہ اس طرح کے مسائل نہ پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ وہ ان طالب علموں سے وعدہ کرتے ہیں کہ ان کی رجسٹریشن کا مسئلہ وہ حل کرائیں گے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ڈاؤ یونیورسٹی ایک مثالی ادارہ ہے اور اس کے فارغ التحصیل پروفیشنلز پاکستان کا فخر ہیں کیونکہ وہ دنیا بھر میں نمایاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کا شعبہ کیونکہ عوام سے براہِ راست تعلق رکھتا ہے اس لئے اس شعبہ سے منسلک تمام اسٹیک ہولڈرز کا جدید ترین تحقیق، نئی ایجادات اور علاج معالجہ کے ضمن میں ہونے والی پیش رفت سے آگاہ رہنا ضروری ہے تاکہ مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ موجودہ حکومت جامعات میں تحقیق کے فروغ پر توجہ دے رہی ہے اور ہائر ایجوکیشن کمیشن بھی اس ضمن میں ضروری اقدامات کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر جامعات کو بھی ڈاؤ یونیوسٹی کی پیروی کرتے ہوئے تحقیق پر خصوصی توجہ دینا چاہیے تاکہ ان سے فارغ التحصیل پروفیشنلز نہ صرف بہتر ملازمت حاصل کرسکیں بلکہ اپنی صلاحیتوں سے ملک کی خدمت بھی کر سکیں۔ گورنرسندھ نے مختلف شعبوں میں تحقیق اور نئی ایجادات کو حوصلہ افزائی کرنے والی غیر سرکاری سماجی تنظیم ڈائس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کے سربراہ مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہے تو ہم سب ہیں اور یہ جو کچھ ہمیں ملا ہے اپنے وطن کی وجہ سے ملا ہے اس لئے ایسے افراد جو وطن کی خدمت کرتے ہیں ان کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی ضروری ہے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر سعید قریشی، ڈائس کے بانی ڈاکٹر خورشید قریشی ، ڈائس ڈاؤ کے سربراہ پروفیسر مسعود نے خطاب کرتے ہوئے اس نمائش کے اغراض و مقاصد، ڈاؤ اور ڈائس کے مابین صحت کے شعبہ میں تعاون اور دیگر متعلقہ امور پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔

مزید : کراچی صفحہ اول