کراچی گرین لائن منصوبے کی تکمیل میں مزید 9ماہ کاوقت درکار
کراچی(اسٹاف رپورٹر)کراچی میں اکتوبر میں آخری ہفتے میں چہلم کے بعد ایم اے جناح روڈ کا دوسرا ٹریک بھی بند کردیا جائے گا۔ گرین لائن بس منصوبے کے لئے ایم اے جناح روڈ نو ماہ تک بند رہے گا۔کراچی کی اہم سڑک ایم اے جناح روڈ کاکیپری سینما سے نمائش والا ٹریک تا حال بند ہے۔3 ہفتے بعد دوسرا ٹریک بھی بند کردیاجائیگا۔ ٹریفک پولیس نے ایک ٹریک کی بندش کے باعث سولجر بازار سے متبادل راستہ تو فراہم کیا مگر وہاں بھی ٹریفک جام معمول بن گیاہے۔ایم اے جناح روڈ سے گزرنے والوں کی پریشانی ایک دو روز کی نہیں بلکہ گرین لائن منصوبہ مکمل ہونے میں نو ماہ لگ جائیں گے اور تب تک ایم اے جناح روڈ بھی بند رہے گی ۔