50 لاکھ گھروں کی تعمیر ایک انقلابی تبدیلی ہوگی،راجہ راشدحفیظ

50 لاکھ گھروں کی تعمیر ایک انقلابی تبدیلی ہوگی،راجہ راشدحفیظ

راولپنڈی (سٹی رپورٹر) پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال گذشتہ حکومتوں کی بے تحاشہ کرپشن اور خراب کارکردگی کا نتیجہ ہے جسے سابق حکمرانوں نے دبا رکھا تھا اور اب تحریک انصاف اسے درست کرنے کی راہ بنا رہی ہے . 50 لاکھ گھروں کی تعمیر ایک انقلابی تبدیلی ہوگی جس سے غریب کے مسائل حل ہونگے. انہو ں نے یہ بات مختلف یونین کونسلوں کے دورے کے دوران عوامی وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہی . صوبائی وزیر نے کہا کہ معیشت کی خرابی کوئی ہفتوں ، مہینوں یا سالوں کی بات نہیں بلکہ گذشتہ کئی عشروں سے حکمران ملک کے وسائل کو بے دردی سے لوٹ رہے تھے اور ملک کو مقروض کرکے اپنی تجوریاں بھرنے میں مصروف تھے . انہو ں نے کہا کہ اگر تحریک انصاف کی حکومت بھی سابقہ حکمرانوں کی روش اختیار کرتی اور چپکے سے قرض لے کر کام چلاتی تواس کی واہ واہ ہو جاتی مگر ہم اصلاحاتی ایجنڈے پر کام کرنا ہے اس لئے عوام کو مختصر مدتی مشکلات میں حکومت کا ساتھ دینا چائییے . راجہ راشد حفیظ نے کہا کہ 50 لاکھ گھروں کی تعمیر اتنا آسان کام نہیں مگر پاکستان کے بے گھر افراد کو گھروں کی فراہمی کیلئے تحریک انصاف یہ انقلابی قدم اٹھا رہی ہے جس کا سراسر فائدہ غریب اور بے وسیلہ لوگوں کو ہوگا . انہوں نے کہا کہ ملک کی عدالتیں آزاد ہیں اور اگر شہباز شریف کے ہاتھ صاف ہیں تو وہ اپنے آپ کو بے گناہ ثابت کریں ورنہ انصاف پسند لوگوں کی طرح قانون کو اپنا کام کرنے دیں . کرپشن کے معاملے میں تحریک انصاف کی زیروٹالرینس کسی قسم کی سیاسی بلیک میلنگ کا شکار نہیں ہوگی .

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر