عمران خان نے اپنے ہی وزیر کے خلاف سخت قدم اٹھا لیا ، ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دیدیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )نجی ٹی وی جیونیوز نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیاہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیر مملکت شہریار آفریدی کی جانب سے گھر کی تزئین آرائش پر مبینہ طور پر نوٹس لے لیاہے ۔
تفصیلات کے مطابق شہریار آفریدی منسٹر کالونی میں منتقل ہو گئے ہیں اور جہاں پر انہوں نے اپنے گھر میں ٹائلیں ، پردے ، الیکٹرانکس اور اے سی وغیری تبدیل کروائے ہیں جس پر لاکھوں روپے خرچ آیا ہے ۔اس کی ادائیگی کیلئے انہوں نے چیف کمشنر اسلام آباد جودت ایاز کو ’حکم‘ دیا جس کے بعد انہوں نے اس تزئین و آرائش کا خرچ پورا کرنے کیلئے پیسے محکمہ مال کے پٹواریوں اور دوسرے افسران کی جیبوں سے نکلوائے۔
جب یہ اس امر کی تفصیلات سامنے آئیں تو عمران خان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایف آئی اے کو شہریار آفریدی کے خلاف تحقیقات کا حکم بھی دیدیا ۔ایڈیشنل ڈائیریکٹر جنرل ایف آئی اے بشارت شہزاد معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں جنہوں نے اس ضمن میں دو بیانات بھی ریکارڈ کر لیے ہیں۔دوسری جانب خبر سامنے آ نے کے بعد وزیر مملکت نے مو¿قف اپنایا کہ ان کے گھر صرف 4 لاکھ روپے کا کام ہوا ہے۔ نجی ٹی وی نے ذرائع کے حوالے سے ذرائع کا دعویٰ کیا ہے کہ اگر ثابت ہو گیا تو وزیر اعظم عمران خان وزیر مملکت اور متعلقہ افسران کے خلاف سخت کاروائی کا ارادہ رکھتے ہیں۔