وزیر اعظم نے کالج میں پودا لگا کر کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا آغاز کردیا ، ہم نے پاکستان کو ہرا بھرا کرنا ہے : عمران خان

وزیر اعظم نے کالج میں پودا لگا کر کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا آغاز کردیا ، ...
وزیر اعظم نے کالج میں پودا لگا کر کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا آغاز کردیا ، ہم نے پاکستان کو ہرا بھرا کرنا ہے : عمران خان

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی دارالحکومت کے مقامی کالج میں پودا لگا کر کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا آغاز کردیا ۔

وزیر اعظم عمران خان نے مقامی کالج میں پودا لگا کر کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کا آغاز کیا جس کے بعد وہ طالبات میں گھل مل گئے اور ان سے سوال و جواب کرتے رہے۔ عمران خان نے طالبات سے گلوبل وارمنگ کے حوالے سے سوالات بھی کیے اور طالبات کو بتایا کہ پاکستان کو درختوں کی سخت ضرورت ہے کیونکہ گلوبل وارمنگ سے متاثرہ ممالک میں پاکستان ساتویں نمبر پر ہے۔ درجہ حرارت بڑھنے سے سیلاب آئیں گے اس لیے درخت بڑھنے سے زیر زمین پانی کی سطح اوپر آئے گی ۔ طالبات سے گفتگو کے عمران خان نے کالج کے گراﺅنڈ میں جھاڑو بھی لگائی جبکہ طالبات کے ساتھ مل کر کچرا بھی چنتے رہے۔

یاد رہے 8 اکتوبر کو وزیراعظم عمران خان نے کلین اینڈ گرین پاکستان مہم کاافتتاح کیا اور کہا تھا کہ یہ مہم صرف حکومت کامیاب نہیں بنا سکتی سب کو کردار ادا کرنا ہے، پاکستان قدرت کا تحفہ ہے، بدقسمتی سے ہم نے اس کی خوبصورتی پرتوجہ نہیں دی۔

عمران خان نے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شوکت خانم ہسپتال کی تعمیرکاآغازکیا تو لگتا تھا ناممکن ہے لیکن پھر کسی نے مشورہ دیا کہ سکولوں کے بچوں سے رجوع کروں۔ ہم نے عمران ٹائیگرز کے نام سے سکولوں کے بچوں کی ٹیم بنائی جس کے بعد چندہ اکٹھا کرنے کیلئے خیبر سے کراچی تک اسکولوں میں گیا، اسکول کے دوروں کے دوران بچوں نے چندہ مہم میں بڑھ چڑھ کرحصہ لیا اور کینسراسپتال کیلئے کامیاب مہم چلائی۔

وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آلودگی سے انسان کی عمر میں اوسطاً 11 سال کم ہوتے ہیں، یورپ میں آلودگی کم ہے،دریاصاف ہیں، یہاں لوگ دریاو¿ں میں آلودگی پھیلاتے ہیں،لاہورمیں خطرناک حدتک فضائی آلودگی پھیل چکی ہے۔ آئندہ پانچ سالوں کے دوران ہم نے پاکستان کو ہرا بھرا کرنا ہے ، اس دوران ہم 10 ارب درخت لگائیں گے اور پاکستان کو ایسا صاف ستھرا بنائیں گے کہ یورپی ملکوں میں رہنے والے پاکستانی جب واپس آئیں گے تو انہیں لگے گا کہ پاکستان ان ملکوں سے زیادہ صاف ستھرا ہے۔

مزید : اہم خبریں /قومی /سیاست /علاقائی /اسلام آباد