گوجرانوالہ:نجی کالج کی طالبہ اغوا، 10 روز گزرنے کے باوجود پولیس بازیاب کرانے میں ناکام

گوجرانوالہ:نجی کالج کی طالبہ اغوا، 10 روز گزرنے کے باوجود پولیس بازیاب کرانے ...
گوجرانوالہ:نجی کالج کی طالبہ اغوا، 10 روز گزرنے کے باوجود پولیس بازیاب کرانے میں ناکام

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

گوجرانوالہ (ڈیلی پاکستان آن لائن) نجی کالج میں پڑھنے والی بارہویں جماعت کی طالبہ کو اوباشوں نے اغوا کرلیا، 10 روز گزرجانے کے باوجود نہ تو ملزمان کو گرفتار کیا جاسکا اور نہ ہی طالبہ کو بازیاب کرایا جاسکا ہے۔
گوجرانوالہ کے رہائشی محمد اسلم نے تھانہ دھلے والا میں ایف آئی آر درج کرائی ہے کہ 4 اکتوبر کو اس کی 17سالہ بیٹی مریم کو کالج سے اغوا کرلیا گیا ہے۔ ایف آئی آر کے مطابق محمد اسلم چھٹی کے وقت بیٹی کو لینے کیلئے نجی کالج گیا تو اس کی بیٹی کا کچھ پتا نہ چل سکا ۔ آئی کام میں پڑھنے والی مریم کی تلاش کے دوران عثمان ارشد نامی شخص نے بتایا کہ اس کی بیٹی کو کالج سے یاسم علی، محمد یاسر اور علی رضا نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر اسلحہ کے زور پر اغوا کرلیا ہے۔ لڑکی کے والد نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ اس کی بیٹی کو مذکورہ ملزمان نے حرام کاری کی نیت سے اغوا کیا ہے ۔
لڑکی کے والدین کی جانب سے ایف آئی آر کی درخواست 9 اکتوبر کو دی گئی ، محمد اسلم نے درخواست میں بتایا کہ ایف آئی آر میں تاخیر اس لیے ہوئی ہے کیونکہ اغوا کاروں کے والد یاسین نے یہ یقین دہانی کرائی تھی کہ وہ بچی کو بازیاب کرانے میں مدد کرے گالیکن کوئی پیشرفت نہ ہونے پربالآخر پولیس کے پاس آنا ہی پڑا ۔
محمد اسلم نے روزنامہ پاکستان کو بتایا کہ ان کی درخواست پر ملزمان کے والد یاسین اور ان کے ایک بھائی کو گرفتار کرلیا گیا ہے لیکن بچی کی بازیابی کیلئے کوئی کارروائی نہیں کی جارہی۔گرفتار شدگان کو مہمانوں کی طرح حوالات میں رکھا گیا ہے اور پولیس مزید کسی بھی کارروائی سے گریزاں ہے۔