سعودی بادشاہ شاہ سلمان نے 600 ارب روپے کی کیا چیز خریدنے کا فیصلہ کرلیا؟ خبر نے کھلبلی مچادی
ریاض(مانیٹرنگ ڈیسک) اگر آپ فٹ بال کا کھیل پسند کرتے ہیں تو زیادہ سے زیادہ میچ دیکھنے چلے جائیں گے یا اپنا فٹ بال خرید لائیں گے، مگر جب ایک بادشاہ کو فٹ بال میں دلچسپی پیدا ہوتی ہے تو وہ فٹ بال کی ٹیم ہی خرید لیتا ہے۔ جی جناب، سعودی حکمران اپنے ملک میں فٹ بال کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور عالمی سطح پر بھی فٹ بال کے حوالے سے اپنے ملک کا نام دیکھنا چاہتے ہیں، سو انہوں نے فیصلہ کیا ہے کہ انگلستان کی مشہور ترین فٹ بال ٹیم ہی خرید لی جائے۔
ویب سائٹ ڈیلی سٹار کے مطابق سعودی عرب کی حکمران فیملی مانچسٹر یونائیٹڈ فٹ بال کلب کی خریداری میں دلچسپی رکھتی ہے، جس کی ملکیت اس وقت ایک امریکی ارب پتی خاندان کے پاس ہے۔ برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ سعودی حکام کا یہ فیصلہ سعودی معیشت کو تیل کے علاوہ دیگر ذرائع سے آمدنی پر منتقل کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔
ہمسایہ ارب ریاستوں جیسا کہ قطر اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ مقابلہ بھی اس فیصلے کا ایک اہم پہلو ہے ، جو کہ فٹ بال کی دنیا میں اپنا مقام بنانے کیلئے پہلے ہی سر گرم ہیں۔ قطر نے فرانس کے مشہور فٹ بال کلب ’پیرس سینٹ جرمین‘ کی ملکیت حاصل کر رکھی ہے، جبکہ 2022 کا ورلڈ کپ بھی اس ملک میں منقعد ہو رہا ہے۔ مانچسٹر سٹی کلب ابوظہبی کے شیخ منصور کی ملکیت ہے۔
مانچسٹر یونائیٹڈ کا تعلق سعودی عرب سے کوئی نیا نہیں ہے۔ سعودی حکومت کے ساتھ اس کلب کا تعاون مملکت میں فٹ بال کے کھیل کو فروغ دینے کیلئے پہلے سے جاری ہے۔ گزشتہ سال بھی اس سلسلے میں ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے جس کا مقصد سعودی عرب میں فٹ بال کے کھیل کو مقبول بنانا اور ترقی دینا ہے۔