اسرائیل کا فلسطینی قیدیوں کو فراہم ناکافی سہولتوں میں مزید کمی کااعلان

اسرائیل کا فلسطینی قیدیوں کو فراہم ناکافی سہولتوں میں مزید کمی کااعلان
اسرائیل کا فلسطینی قیدیوں کو فراہم ناکافی سہولتوں میں مزید کمی کااعلان

  

تل ابیب (این این آئی )اسرائیل نے فلسطینی قیدیوں کے لیے جیل کے معیارات کم کرنے کا فیصلہ کرلیا، جس کے باعث اسرائیلی جیلوں کے اندر اور باہر مظاہروں کی ایک نئی لہر پیدا ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ایرانی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق اسرائیل پبلک سیکیورٹی کے وزیر گیلاڈ اردن کی تشکیل کردہ کمیٹی اپنی تحقیقات کے نتائج کی بنیاد پر فلسطینی قیدیوں کے معیارِ زندگی کو کم کرنے کے طریقے تلاش کرے گی۔اس مقصد کے تحت یہ کمیٹی فلسطینی قیدیوں سے اہلِ خانہ کی ملاقاتوں میں کمی اور جیل سے باہر گوشت، مچھلی، پھل اور سبزیاں خریدنے کی اجازت واپس لینے کی تجویز دے گی۔اس کے ساتھ ہی فلسطینی قیدیوں سے جیل میں کھانا پکانے کا حق بھی چھین لیا جائے گا جبکہ حکام ان کے فوڈ گرائنڈرز اور بلینڈر بھی واپس لے لیں گے۔اسرائیلی جیل کے حکام تجویز دیں گے کہ تل ابیب قیدیوں کے لیے موجودہ ٹیلی ویژن چینل کی فہرست کو بھی محدود کرے۔علاوہ ازیں وارڈ ترجمان کا عہدہ بھی ختم کردیا جائے گا جس کا مطلب ہے کہ قیدیوں کے نمائندے کو جیل حکام سے صرف چند محدود مسائل سے متعلق بات کرنے کی اجازت ہوگی۔

مزید : بین الاقوامی