شمائلہ رانا کوتشدد کا نشانہ بنانیوالے اہلکاروں کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست،تھانہ اسلام پورہ سے رپورٹ طلب
لاہور(نامہ نگار)ایڈیشنل سیشن جج سیف اللہ نے سابق ایم پی اے شمائلہ رانا کو مبینہ طور پرتشدد کا نشانہ بنانے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف اندراج مقدمہ کی درخواست پرتھانہ اسلام پورہ کے ایس ایچ او سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔درخواست گزار سابق ایم پی اے شمائلہ رانا کی طرف سے موقف اختیار کیا گیاہے کہ مریم نواز کی پیشی کے موقع پر پولیس نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا،پولیس تشدد کے خلاف متعلقہ تھانے میں درخواست دی لیکن مقدمہ درج نہیں کیا جارہا، پولیس اہلکاراپنے پیٹی بند بھائیوں کو بچانے کے لئے درخواست کو نظر انداز کر رہے ہیں، آئین کے تحت ہر شہری کو شفاف ٹرائل کا حق ہے، پولیس نے قانون کو ہاتھ میں لیااور پولیس گردی کا نشانہ بنایا،عدالت سے استدعاہے کہ پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیا جائے۔