لڑکیوں کو ہنر مند بنانے کیلئے شارٹ کورسز شروع کر رہے ہیں، شرجیل عثمانی

لڑکیوں کو ہنر مند بنانے کیلئے شارٹ کورسز شروع کر رہے ہیں، شرجیل عثمانی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل آباد (بیورورپورٹ) خواتین کو ترقی کے دھارے میں شامل کرنے کیلئے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ نوجوان لڑکیوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق مختلف قسم کے ہنر سکھانے کیلئے مختلف شارٹ کورسز شروع کر رہا ہے، جس میں 50فیصد کتابی علم جبکہ 50فیصد عملی تربیت شامل ہوگی۔ یہ بات پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے محمد شرجیل عثمانی نے فیصل آباد وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کے دوران بتائی۔

انہوں نے بتایا کہ خاص طور پر سٹیچنگ انڈسٹری میں خواتین کیلئے ملازمت کے وسیع مواقع موجود ہیں جبکہ اس شعبہ میں ہنر مند افرادی قوت کی شدید قلت محسوس کی جا رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز کے ساتھ مل کر ایک تربیتی پروگرام ترتیب دیا گیا ہے جو تین حصوں پر مشتمل ہے، پہلے حصے میں سافٹ سکلز اور سیفٹی، دوسرے میں سٹیچنگ کا ابتدائی تعارف جبکہ تیسرے مرحلے میں سٹیچنگ کی مہارت کے بارے میں بتایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس کورس کے ذریعے خواتین کو روزگار مہیا کرنے کے علاوہ معاشی ترقی کی رفتار کو بھی تیز کیا جاسکے گا۔ انہوں نے اس پروگرام کا پس منظر، اس کے فوائد اور طریقہ کار کے بارے میں بھی تفصیل سے آگاہ کیا۔
وومن چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی صدر محترمہ قراۃ العین نے بتایا کہ پاکستان کی آبادی میں خواتین کا تقریباً نصف حصہ ہے۔ ان کو معاشی ترقی کے دھارے میں شامل کئے بغیر ملکی ترقی ممکن نہیں۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد وومن چیمبر نے خواتین کی آگاہی اور انہیں ضروری سہولتیں کی فراہمی کیلئے جامع حکمت عملی تیار کر لی ہے جس کے تحت مختلف غیر سرکاری تنظیموں اور سرکاری اداروں کے ساتھ مل کر تربیتی اور آگاہی سیشن منعقد کئے جائیں گے۔
انہوں نے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ کے اس دورے کو بھی اس سلسلے کی ایک کڑی قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین کی معاشی خودمختاری معاشرتی ترقی کیلئے کلیدی حیثیت رکھتی ہے اور اس مقصد کیلئے نوجوان تعلیم یافتہ خواتین کو روزگار مہیا کرنے کیلئے اس قسم کے پروگرام انتہائی ضروری ہیں۔ انہوں نے پنجاب سکلز ڈویلپمنٹ فنڈ کے اس پروگرام کو سراہا اور کہا کہ فیصل آباد میں خواتین کی انٹر پرینوئرز کی بڑی تعداد ٹیکسٹائل کے شعبہ سے وابستہ ہے جن کو ہنر مند خواتین کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا اس پروگرام کے ذریعے نہ صرف خواتین کو معاشی ترقی میں شامل کیا جا سکے گا بلکہ ان کے ذریعے برآمدات میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس فری تربیتی پروگرام کیلئے درخواستیں 17 اکتوبر تک وصول کی جائیں گی اور توقع ہے کہ اس کے فوراً بعد تربیتی کلاسوں کا سلسلہ شروع ہو جائے گا۔ اس موقع پر سکلز ڈویلپمنٹ کی مریم اور فیصل آباد وومن چیمبر کی سیکرٹری جنرل مس عبیرہ مطلوب بھی موجود تھی۔

مزید :

کامرس -رائے -