سی ڈی اے جناح سپر مارکیٹ کو جدید خطوط پر ترقی دے،محمد احمد وحید

سی ڈی اے جناح سپر مارکیٹ کو جدید خطوط پر ترقی دے،محمد احمد وحید

  

اسلام آباد (این این آئی) ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، جناح سپر مارکیٹ کے ایک وفد نے ایسوسی ایشن کے صدر ملک ربنواز کی قیادت میں اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور چیمبر کے صدر محمد احمد وحید، سینئر نائب صدر طاہر عباسی اور نائب صدر سیف الرحمٰن خان کو اپنی مارکیٹ کے اہم مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر اسد عزیز، نائب صدر چوہدری اشرف، جنرل سیکرٹری عبدالرحمٰن صدیقی، جوائنٹ سیکرٹری فصیح اللہ خان، فنانس سیکرٹری ابرار احمد، پریس سیکرٹری عبدالملک اور دیگر شامل تھے۔ فاؤنڈر گروپ کے چیئرمین زبیر احمد ملک اور دیگر مارکیٹوں کے نمائندگان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

وفد سے خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد احمد وحید نے کہا کہ جناح سپر مارکیٹ کا شمار اسلام آباد کے اہم تجارتی مراکز میں ہوتا ہے جہاں ملکی و غیر ملکی گاہکوں کی آمدورفت ہوتی رہتی ہے اس طرح یہ مارکیٹ اسلام آباد کا چہرہ ہے لہذا انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سی ڈی اے اور ایم سی آئی جناح سپر مارکیٹ کے اہم مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں اور اس مارکیٹ کو جدید خطوط پر ترقی دینے کیلئے مطلوبہ اقدامات اٹھائیں۔انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے کروڑوں روپے کی لاگت سے جناح سپر مارکیٹ میں ایک پارکنگ تعمیر کی تھی لیکن ابھی تک اس کو قابل استعمال نہیں بنایا گیا اور نہ ہی اس کی صفائی و سیکورٹی کا کوئی بہتر بندوبست کیا گیا ہے لہذا انہوں نے سی ڈی اے پر زور دیا کہ وہ پارکنگ کو جلد آپریشنل بنائے اور اس کیلئے سیکورٹی و صفائی کے انتظامات بھی کرے تا کہ تاجربرادری اس سہولت سے استفادہ حاصل کر سکے۔ انہوں نے کہا کہ پارکنگ میں بجلی کا کوئی کنکشن بھی ابھی تک فراہم نہیں کیا گیالہذا انہوں نے آئیسکو سے درخواست کی کہ وہ مذکورہ پارکنگ میں بجلی کی سہولت فراہم کرے۔انہوں نے جناح سپر مارکیٹ کی ایسوسی ایشن کو یقین دہانی کرائی کہ چیمبر ان کی مارکیٹ کے مسائل حل کرانے میں ہر ممکن تعاون کرے گا۔اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن، جناح سپر مارکیٹ کے صدر ملک ربنواز اور سیکرٹری جنرل عبدالرحمان صدیقی نے کہا کہ قانون کرایہ داری کی عدم موجودگی میں تا جر برادری عدم تحفظ کا شکار ہے کیونکہ کسی بھی وقت ان کو بے دخل کیا جا سکتا ہے لہذا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ جلد اسلام آباد کیلئے منصفانہ قانون کرایہ داری کا ترمیمی بل پارلیمنٹ سے پاس کرا کے نافذ کرے۔ انہوں نے کہا کہ جناح سپر مارکیٹ میں پچھلے کئی سالوں سے کوئی ترقیاتی کام نہیں کئے گئے جس وجہ سے تاجروں کو کاروبار چلانے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں فٹ پاتھ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جبکہ سیوریج کا نظام انتہائی پرانا ہو چکا ہے جس کو فوری طور پر تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھی مارکیٹ میں ٹرانسفارمر خراب ہوجا تا ہے تو آئیسکو اس کو بروقت ٹھیک نہیں کرتی جس سے تاجروں کی مشکلات میں اضافہ ہوتا ہے۔ لہذا انہوں نے سی ڈی اے، ایم سی آئی اور آئیسکو سے مطالبہ کیا کہ وہ جناح سپر مارکیٹ کے مسائل حل کرنے پر فوری توجہ دیں تا کہ کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ ملے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایف بی آر شناختی کارڈ کی شرط سمیت ٹیکس معاملات پر تاجروں کے تحفظات کو دور کرے اور ان کے مطالبات پر ہمدردانہ غور کرے۔ اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سینئر نائب صدر طاہر عباسی، نائب صدر سیف الرحمٰن خان، گروپ چیئرمین زبیر احمد ملک، فیڈریشن کے نائب صدر محمد اعجاز عباسی، ظفر بختاوری، خالد چوہدری اور دیگر نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور سی ڈی اے و ایم سی آئی سے جناح سپر مارکیٹ کے مسائل کو جلد حل کرنے کا مطالبہ کیا۔

مزید :

کامرس -رائے -