بھارت ایل او سی پر انسانی جان ومال سے کھیل رہا، اسے بھاری قیمت چکا نا پڑیگی، مسعود سردار
مظفرآباد (آئی این پی)آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے قابض بھارتی فوج کی طرف سے وادی نیلم سمیت مختلف سیکٹروں میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری اور اس کے نتیجہ میں انسانی جانوں کے ضیاع پر کہاہے کہ بھارت کے یہ بزدلانہ اقدامات آزاد کشمیر کے عوام کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ آزاد کشمیر کی وادی نیلم کے گاؤں چانگن، دودھنیال اور شاردہ میں گزشتہ روز سے جاری فائرنگ اور گولہ باری اور اس سے ایک کمسن بچے کی شہادت اور نو دیگر شہریوں کے زخمی ہونے کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے صدر آزاد کشمیر نے متاثرہ خاندانوں سے گہری ہمدردی اور دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے پار سے بھارتی فوج کلسٹر ایمونیشن استعمال کر رہی ہے جو کلسٹر ایمونیشن کنونشن کے تحت ایک جرم ہے اور خود بھارت اس بین الاقوامی معائدے پر دستخط کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔انہوں نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی دھجیاں اُڑانے پر بھارت کا محاسبہ کر ے اور اسے خطہ میں جنگی جنون کو ہوا دینے اور کشیدگی بڑھانے سے باز رکھنے کے لیے دباؤ ڈا لے۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ بھارت ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کا ماحول پیدا کر رہا ہے اور انسانوں کے جان و مال سے کھیل رہا ہے جس کی اُسے بھارت قیمت چکانا پڑے گی۔
سردار مسعود