پیپلز پارٹی کا زرداری،فریال اور خورشید شاہ کی رہائی کیلئے مظاہرہ،جیالوں اور پولیس میں تلخ کلامی

      پیپلز پارٹی کا زرداری،فریال اور خورشید شاہ کی رہائی کیلئے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور(نمائندہ خصوصی)پیپلز پارٹی کے رہنماء وسابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ  سابق صدر آصف علی زرداری کے خلاف نیب کے پاس کوئی ثبوت نہیں، جعلی اکاؤنٹ کا مقدمہ بنایا گیا جبکہ سابق صدر کا کوئی جعلی اکاؤنٹ نہیں،سلیکٹڈ وزیراعظم نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلز پارٹی کی جانب سے پارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری،فریال تالپور اور سید خورشید شاہ کی رہائی کیلئے چیئرنگ کراس مال روڈ پر لگائے گئے احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔احتجاجی کیمپ میں میں چودھری محمد اسلم گل‘محمد نوید چودھری‘ محمد اشرف بھٹی‘ (بقیہ نمبر51صفحہ12پر)


میاں مصباح الرحمن‘ زاہد ذوالفقار خان‘ صداقت شیر وانی‘ عاطر شاہ‘ فرخ مرغوب‘ خالد بٹ‘ یاسمین فاروق‘ شاہدہ جبین‘ ثمینہ خالد گھرکی‘ چودھری منور انجم‘ سید حسن مرتضی‘ عاقب سرور سمیت دیگر رہنماؤں،خواتین اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی،آصف علی زرداری رہائی کمیٹی کی جانب سے مال روڈ چیئرنگ کراس پر لگائے گئے احتجاجی کیمپ کے شرکاء کو مال روڈ پر آنے سے روکنے پر جیالوں اور پولیس کے مابین تلخ کلامی ہو گئی۔اس موقع پر پیپلزپارٹی کے جیالوں نے حکومت مخالف نعرہ بازی بھی کی،پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ آصف علی زرداری جب صدر بنے تو انھوں نے زرداری گروپ سے استعفیٰ دے دیا تھا،انہوں نے کہا کہ عمران خاں کسی اور کے ایجنڈے پر کام کر رہے ہیں،لطیف کھوسہ نے کہا کہ زرداری سمیت دیگر سیاسی قیدیوں کو رہا نہ کیا گیا تو حکمرانوں کو اس کی قیمت ادا کرنا ہوگی۔انہوں نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کرتے  ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کے فارن فنڈنگ کیس کا فیصلہ سنایا جائے۔پنجاب اسمبلی میں پیپلزپارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید حسن مرتضی نے کہا کہ ملک کو ایٹمی قوت بنانے اورصوبوں کو شناخت دینے والوں حقوق بلوچستان کا آغاز کرنے والوں کو صلہ جیل کی صورت میں دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں احتساب پر کوئی اعتراض نہیں مگر احتساب کی آڑ میں جھوٹے مقدمات قائم نہ کئے جائیں۔حسن مرتضیٰ نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی پورے پاکستان میں احتجاجی کیمپ لگائے گی۔پیپلز پارٹی شعبہ خواتین کی صدر ثمینہ خالد گھرکی نے حکومت کی جانب سے قائم مقدمات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ سابق صدر پہلے بھی 11 سال بے گناہ جیل کاٹ چکے ہیں ان کی زبان تک کو کاٹ دیا گیا تھا پر ان کو جھکایا نہیں جاسکا پیپلزپارٹی ان گرفتاریوں پر سراپا احتجاج ہے حکومت اپنی نااہلی چھپانے کیلئے جھوٹے مقدمات بنا رہی ہے۔قبل ازیں چیئرنگ کراس پر لگائے گئے احتجاجی کیمپ کے شرکاء کو مال روڈ پر آنے سے روکنے پر جیالوں اور پولیس کے مابین تلخ کلامی ہو گئی۔ پیپلز پارٹی کے جیالوں عاقب سرور اور عاطر شاہ نے پولیس اہلکاروں سے کہا کہ آپ ریاست کے ملازم بنیں ایک پارٹی کے ملازم بننے کی کوشش نہ کریں، پر امن احتجاج کرنا ہمارا حق ہے ہم نے مال روڈ کی ٹریفک کو نہیں روکا ہے بلکہ ایک طرف کیمپ لگایا ہے اور ٹریفک رواں دواں ہے لیکن پولیس والے ان سے تکرار کرتے رہے جس پر چودھری ا سلم گل نے پولیس کو وہاں سے جانے کا کہا اور جیالوں کو خود کنٹرول کرنے کی یقین دہانی کرائی،جس پر معاملہ رفع دفع ہو گیا۔
پیپلز پارٹی/مظاہرہ