جنوبی پنجاب کی پسماندگی ختم کرنے کیلئے حکومتی کوششیں تیز‘ عون عباس بپی

جنوبی پنجاب کی پسماندگی ختم کرنے کیلئے حکومتی کوششیں تیز‘ عون عباس بپی

  

لیہ(نمائندہ پاکستان)دارالاحساس ایسے اداروں کا قیام ملکی تاریخ میں دور رس کا نتائج کاحامل ایسا پروگرام ہے جس کی ذمہ داری معاشرے کے تمام طبقات لے کر کار خیر میں حصہ ڈال کر یتیم و بے سہار ا بچوں کی کفالت کے ذریعے دین مبین کی تعلیمات کے مطابق ثواب حاصل کرسکتے ہیں کیونکہ موجود ہ حکومت نے پاکستان بھر میں 12لاکھ سے زائد یتیم بچوں کو سویٹ ہومز کے ذریعے کفالت فراہم کرنے کا بیڑہ اُٹھارکھا ہے اور اس وقت 5ہزار سے زائد بچے مستفید ہورہے ہیں۔یہ بات ایم ڈی پاکستان بیت المال (بقیہ نمبر52صفحہ12پر)

عون عباس بپی نے ضلع لیہ میں دار الاحساس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔تقریب میں دار الاحساس کے بچوں نے ٹیبلو،جمناسٹک،بینڈوثقافتی شو کے ذریعے شرکاء سے خوب داد حاصل کی۔تقریب سے ممبران قومی وصوبائی اسمبلی ملک نیاز احمدجکھڑ،عبدالمجید خان نیازی،سید رفاقت علی گیلانی اورسردار شہاب الدین سیہڑ،ڈپٹی کمشنرذیشان جاوید، پی ٹی آئی رہنما افتخار علی خان بابر کھتران نے خطاب کرتے ہوئے دار الاحسا س کے ذریعے یتیم اور بے سہار ا بچوں کو رہائش،تعلیم،کھانے پینے،طبی سہولیات کی فراہمی ایسے میگا منصوبے کے اجراء کو حکومت کا مستحسن اقدام قرار دیااور اس میں مزید بہتری لانے وفنڈنگ کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان جس طرح تمام اداروں میں ریفارمز کے ذریعے عام آدمی کی فلاح و بہبود کو فوکس کیے ہوئے ہے یہ پراجیکٹ اس سلسلے کی عملی کڑی ہے کیونکہ یتیم و بے سہارا بچے ہماری اجتماعی توجہ کے مستحق ہیں جن کی کفالت کی ذمہ داری حکومتی سطح پر اُٹھانے کے لیے ملک بھر میں دارالاحساس ایسے اداروں کے قیام کے ذریعے ممکن بنائی جارہی ہے۔انہیں معاشرے کے متمول او ر مخیر حضرات کے تعاون سے ہی موثر انداز میں چلایا جاسکتا ہے کیونکہ یہی طبقہ ہی حکومت کا دست وبازو بن کر تبدیلی کو ممکن بناسکتا ہے۔عون عباس بپی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق پسماندہ،غریب اور نادار افراد کو فوکس رکھتے ہوئے تمام ترقیاتی پراجیکٹس کا اجراء کیا جارہا ہے تاکہ نظر انداز کیا گیا یہ طبقہ اس حکومت کی کوششوں سے اپنا صحیح مقام حاصل کرسکے جس کے لیے ضروری ہے کہ ممبرا ن اسمبلی جنوبی پنجاب کی ترقی کے لیے مختلف پراجیکٹس اسمبلیوں کے ذریعے منظور کرواتے ہوئے جنوبی پنجاب کو ترقی یافتہ علاقوں کے ہم پلہ بنانے اور بے روز گاری کے خاتمے میں اپنا کردار مزید بہتر طور پر ادا کر کے پسماندگی کو ختم کرارہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر ذیشان جاوید نے ایم ڈی بیت المال کی توجہ بچیوں کے لیے بھی سویٹ ہومز بنانے کی طرف مبذول کروائی جس پر انہوں کہا کہ اس کے لیے ایس اوپی بنایا جارہا ہے۔بعدازاں ایم ڈی،ممبران قومی و صوبائی اسمبلی،ڈپٹی کمشنر نے مشترکہ طور پر فیتہ کا ٹ کر دارالاحساس کا افتتاح کیا اور رہائش پذیر بچوں اُن کے لیے رہائشی سہولیات انتظاما ت کامعائنہ کیا۔تقریب میں ایم پی اے سبین گل،پی ٹی آئی رہنما سردار سجن خان تنگوانی،رانا محمدعثمان،ملک عثمان اولکھ،ملک غلام شبیر بپی،پروفیسر گل محمد،مہر نوید ظفر،اویس گومل کے علاوہ پاکستان بیت المال کے افسران فرخ زبیر،اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سید امداد حسین شاہ،سید آل علی،ملک خالد تھند،باقر ملوانہ،اورسیاسی و سماجی کارکنوں،سکولو ں کے بچوں اور اساتذہ و میڈیا نمائندگان نے شرکت کی۔ 

مزید :

ملتان صفحہ آخر -