ہیلتھ ریفارمز کیخلاف ہسپتالوں میں ہڑتال جاری،مریض خوار

  ہیلتھ ریفارمز کیخلاف ہسپتالوں میں ہڑتال جاری،مریض خوار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور (جنرل رپورٹر)پنجاب حکومت کے ہیلتھ ریفارمز سے متعلق ایم ٹی آئی ایکٹ کے خلاف مختلف ڈاکٹروں،نرسوں اور پیرا میڈیکل کی تنظیموں نے ہسپتالوں کے آؤٹ ڈور میں گزشتہ روز بھی مکمل ہڑتال کی تاہم تنظیموں کے نمائندے میوہسپتال بھی پہنچ گئے جہاں انھوں نے آؤٹ دور سے نکال کر کام بند کرا دیا۔ دوسری طرف سروسز ہسپتال کے پرنسپل پروفیسر محمود ایاز اور ایم ایس ڈاکٹر سلیم شہزاد چیمہ نے دیگر پروفیسرز کے ہمراہ آؤٹ ڈور کی کمانڈ خود سمبھال لی اور آنے والے مریضوں کا خود معائنہ کروایا اور سیریس مریضوں کو ایمرجنسی منتقل کر دیا۔ڈاکٹرز اور جونیئرز عملہ کی ہڑتال کے باعث آپریشن تھیٹروں میں درجنوں مریضوں کے آپریشن ملتوی کر دیئے ادھر محکمہ صحت سر توڑ کوششوں کے باوجود ہسپتالوں کے آؤٹ ڈور کھولوانے میں ناکام رہے۔ اس حوالے سے ڈاکٹر حامد بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت فوری ایم ٹی آئی ایکٹ واپس لے اس کے خاتمے تک ہڑتال جاری رہے گی جبکہ پیرامیڈیکل سٹاف اور مختلف تنظیموں کے رہنماؤں منیر ملک،تصدق چوہدری،امجد اقبال چیمہ،نصرت شیخ اور حا فظ دلاور نے کہا کہ حکومت پنجاب کو کے پی کے نہ سمجھے ایم ٹی آئی ایکٹ ہیلتھ دشمن ایکٹ ہے اس کو کسی صورت لاگونہیں ہونے دیں گے حکومت نے کوئی کارروائی کی تو ہسپتال فوری طور پر بند کر دیں گے۔آغاز ہی میں ہر ٹیسٹ کی فیس لاگو کردی گئی ہے سی ٹی سکین کی فیس چار ہزار تک لی جارہی ہے۔ دریں اثنا سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ڈاکٹرز گرینڈ ہیلتھ الائنس کے وفد نے چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی ہیلتھ ڈاکٹر محمد افضل ایم پی اے کی سربراہی میں یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں جی ایچ اے، پی ایم اے، وائے ڈی اے، وائے این اے، پیرا میڈیکل سٹاف اور نرسنگ سٹاف کے نمائندے شامل تھے۔ وفد میں چیئرمین جی ایچ اے سلیمان حسیب چودھری، پروفیسر ڈاکٹر مسعود ہراج، ڈاکٹر منیر صدیقی صدر پی ایم اے، ڈاکٹر ذوالقرنین، ڈاکٹر قاسم اعوان، ڈاکٹر عدنان، ڈاکٹر ارشد، ڈاکٹر عمار یوسف، ڈاکٹر عمران، ڈاکٹر آفتاب، ڈاکٹر مرتضی بلوچ، سٹاف روزینہ، سٹاف شمشاد نیازی، سٹاف افضل پیرا میڈیکل سٹاف کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں، ملک منیر احمد،چوہدری تصدق حسین،امجد اقبا ل چیمہ شیخ نصرت،حافظ دلاور اور رانا پرویزارشد بٹ سمیت دیگر عہدیدار شامل تھے۔ وفد نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو اپنے تین مطالبات پیش کئے جن کے مطابق بورڈ آف گورنر میں تبدیلی کر کے اہل افراد کو شامل کیا جائے، ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کو مستقل ملازمت رول کے مطابق دی جائے اور ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس کرنے سے قبل بیڈ، کمرے اور سٹاف فراہم کیا جائے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میں کسی کو نوکری سے فارغ کرنے کے سخت خلاف ہوں، ہم روزگار دینے کے حامی ہیں چھیننے کے نہیں لہٰذا آپ اپنی ہڑتال کو ختم کر دیں۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات حکومت کے سامنے پیش کئے جائیں گے بلکہ ان کو منظور کرانے کیلئے پورا زور لگاؤں گا۔انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے ہسپتالوں کا بیڑہ غرق کرنے کا سلسلہ شروع کیا جسے بطور وزیراعلیٰ میں نے آکر روکا تھا۔
ڈاکٹرز ہڑتال