چوہدری پرویزالٰہی سے ڈاکٹر وفد کی ملاقات‘ اہم ایشوز پر تبادلہ خیال
ملتان (وقا ئع نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کا کہنا ہے سرکاری ملازمین کو نوکری سے فارغ کئے جانے کے خلاف ہوں،روزگار چھیننے کا نہیں دینے کا حامی ہوں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈاکٹرز اور گرینڈ ہیلتھ الائنس کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا،ڈاکٹر محمد افضل(بقیہ نمبر56صفحہ12پر)
کی سربراہی میں ہونے والی ملاقات میں اسپیکر پنجاب اسمبلی نے مطالبات کی حمایت کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ نوکری سے فارغ کرنے کے سخت خلاف ہوں، روزگار چھیننے کا نہیں دینے کا حامی ہوں، ہڑتال ختم کریں،فری ہیلتھ کیئر کی سہولیات عوام کو ملنی چاہئیں، شہبازشریف نے ہسپتالوں کا بیڑہ غرق کیا، سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے ڈاکٹرز گرینڈ ہیلتھ الائنس کے وفد نے چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی ہیلتھ ڈاکٹر محمد افضل ایم پی اے کی سربراہی میں یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ وفد میں جی ایچ اے، پی ایم اے، وائے ڈی اے، وائے این اے، پیرا میڈیکل سٹاف اور نرسنگ سٹاف کے نمائندے شامل تھے۔ وفد میں چیئرمین جی ایچ اے سلیمان حسیب چودھری، پروفیسر ڈاکٹر مسعود ہراج، ڈاکٹر منیر صدیقی صدر پی ایم اے، ڈاکٹر ذوالقرنین، ڈاکٹر قاسم اعوان، ڈاکٹر عدنان، ڈاکٹر ارشد، ڈاکٹر عمار یوسف، ڈاکٹر عمران، ڈاکٹر آفتاب، ڈاکٹر مرتضی بلوچ، سٹاف روزینہ، سٹاف شمشاد نیازی، سٹاف افضل، ملک منیر احمد اور رانا پرویز سمیت دیگر عہدیدار شامل تھے۔ وفد نے سپیکر پنجاب اسمبلی کو اپنے تین مطالبات پیش کئے جن کے مطابق بورڈ آف گورنر میں تبدیلی کر کے اہل افراد کو شامل کیا جائے، ڈاکٹر اور پیرا میڈیکل سٹاف کو مستقل ملازمت رول کے مطابق دی جائے اور ہسپتالوں میں پرائیویٹ پریکٹس کرنے سے قبل بیڈ، کمرے اور سٹاف فراہم کیا جائے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میں کسی کو نوکری سے فارغ کرنے کے سخت خلاف ہوں، ہم روزگار دینے کے حامی ہیں چھیننے کے نہیں لہٰذا آپ اپنی ہڑتال کو ختم کر دیں۔ انہوں نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مطالبات حکومت کے سامنے پیش کئے جائیں گے بلکہ ان کو منظور کرانے کیلئے پورا زور لگاؤں گا، پوری دنیا میں نرسنگ کے شعبہ کی بڑی قدر کی جاتی ہے اس لیے ان کی ترقی کیلئے مل کر کام کرنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فری ہیلتھ کیئر کی سہولیات عوام کو ملنی چاہئیں، ڈاکٹر اور عملہ کو بہتر خدمت کیلئے دماغی سکون ضرور ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہبازشریف نے ہسپتالوں کا بیڑہ غرق کرنے کا سلسلہ شروع کیا جسے بطور وزیراعلیٰ میں نے آ کر روک دیا تھا۔
پرویز الٰہی