شاہ محمود سے معاملات طے پا گئے،پارٹی کیلئے اکٹھے کام کرینگے، جہانگیر ترین
لودھراں (این این آئی) تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ ان کے شاہ محمود قریشی سے معاملات طے پاگئے ہیں اب ہم ملکر پارٹی کیلئے کام کریں گے۔میڈیا سے بات کرتے ہوئے جہانگیر ترین نے کہا کہ شاہ محمود قریشی حج پر جانے سے پہلے ان سے بہت زور سے بغل گیر ہوئے تھے جس سے سب معاملات ختم ہوگئے، اب میں اور شاہ محمود مل کر پارٹی کے لیے کام کریں گے۔آزادی مارچ کے حوالے سے جہانگیر ترین نے کہا کہ ہمیں سیاست اور عوام کی خدمت کرنی چاہیے، ہمیں پاکستان کا خیال کرنا چاہیے لیکن مولانا فضل الرحمن صرف اپنا خیال کر کے دھرنا دے رہے ہیں، وہ پہلی بار پارلیمنٹ سے باہر ہوئے ہیں، (ن) لیگ بھی مولانا فضل الرحمان کے ساتھ شامل ہونے کے معاملہ پر تقسیم کا شکار ہے۔جہانگیر ترین نے کہا جنوبی پنجاب صوبہ کا سیکریٹریٹ کہیں بھی بنا دیا جائے مجھے کوئی مسئلہ نہیں۔
جہانگیر ترین