اسد قیصر کی ترک صدر سے ملاقات، کشمیر سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

اسد قیصر کی ترک صدر سے ملاقات، کشمیر سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے استنبول میں ترکی کے صدر رجب طیب اردگان سے ملاقات کی ہے۔یاد رہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے استنبول میں دہشت گردی کے خاتمے اور علاقائی رابطوں کو مضبوط بنانے کے بارے میں پارلیمنٹس کے اسپیکر کی تیسری کانفرنس میں شرکت کرنے والے مندوبین کی میزبانی کی۔نجی ٹی وی کے مطابق استنبول میں خطے کے ممالک کی تیسری سپیکرز کانفرنس کے موقع پر دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہوئی، ملاقات کے دوران 5 اگست کو مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کیے جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں مسلم امہ کو درپیش چیلنجز اور باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا تھا کہ پاکستان اور ترکی دو قالب یک جان کی مانند ہیں، دونوں ممالک مذہب، اخوت، تاریخ اور ثقافت کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں، پاکستان کو ترکی کے ساتھ اپنی بے مثال دوستی پر فخر ہے، دونوں ممالک ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔واضح رہے کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان 24 اکتوبر کو پاکستان کا دورہ کرینگے، دورہ پاکستان 2 روزہ ہو گا۔ انہیں وزیر اعظم عمران خان نے دورہ کی دعوت تھی جو انہوں نے قبول کر لی۔

اسد قیصر

مزید :

صفحہ آخر -