آزادی مارچ پرامن،کوئی پتہ یا شیشہ نہیں ٹوٹے گا،حافظ حسین

  آزادی مارچ پرامن،کوئی پتہ یا شیشہ نہیں ٹوٹے گا،حافظ حسین

  

کوئٹہ(آئی این پی) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ آزادی مارچ کے قافلوں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو پھر ہر جگہ دھرنا ہوگا اور پورا ملک جام کردیں گے، ہم اپنی کشتیاں جلا کر میدان میں نکلے ہیں، اسمبلیوں سے استعفیٰ ہم نہیں حکومت کو دینا ہوں گے، حکومت سے کوئی مذاکرات نہیں ہونگے دھاندلی زدہ حکمرانوں کو اب جانا ہوگا،حکومتی ترجمان شہباز شریف کی تعریفیں کرکے اس کونواز شریف کا برادر یوسف بنانے چاہتے ہیں،جے یو آئی سے مذاکرات کے لیے وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کی قیادت میں بنائی گئی کمیٹی پر عمران نیازی نے یوٹرن لیتے ہوئے لاتعلقی کا اظہار کردیا ہے، ہمیں یہ لوگ کہتے رہے کہ ہم مذہبی کارڈ استعمال کررہے ہیں مگر انہوں نے تو پورا مذہبی امورہی استعمال کرلیا ہے۔گزشتہ روز روز اپنی رہائشگاہ جامع مطلع العلوم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ آج حکومتی ترجمانوں کو شہباز شریف پر بڑا پیارا آرہا ہے، فردوس عاشق اعوان، فیاض الحسن چوہان سمیت دیگر حکومتی ترجمان شہباز شریف کی بڑی تعریفیں کررہے ہیں کل یہی لوگ کہتے تھے سب سے بڑا کرپٹ شہباز شریف ہے، حکومتی ترجمان شہباز شریف کو میاں نواز شریف کا برادر یوسف بنانا چاہتے ہیں، انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے اپنا ہوم ورک مکمل کرلیا ہے ہم نے ملک بھر میں 15ملین مارچ کئے ہیں اب 27اکتوبر کو ہمارے قافلے اپنی منزل کی طرف روانہ ہونگے، ہمارا آزادی مارچ مکمل پرامن ہوگا کوئی پتہ یا شیشہ نہیں ٹوٹے گا، تحریک انصاف کی طرح ہم پارلیمنٹ پر حملہ آور نہیں ہونگے ہم تو جمہوریت اور پارلیمنٹ کے محافظ ہیں اور پارلیمنٹ سے گند کو صاف کریں گے۔

حافظ حسین

مزید :

صفحہ اول -