”میں کروں تو سالا کریکٹر ڈھیلا ہے! “ ہربھجن سنگھ کی عمران خان پر تنقید، وینا ملک نے لاجواب کردیا
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کی تقریر نے جہاں پاکستانیوں کے دل جیت لیے وہیں ان کے الفاظ بھارتیوں کے سینوں پر آج تک سانپ بن کر لوٹ رہے ہیں۔ بھارت کے عام شہری ہی نہیں، کرکٹر، اداکار اور دیگر بڑی شخصیات بھی وزیراعظم عمران خان کی تقریر سے ہونے والی تکلیف مخفی نہیں رکھ پائے اور سوشل میڈیا پر اس کا اظہار کر ڈالا۔ ایسا ہی کچھ بھارتی کرکٹر ہربھجن سنگھ نے کیا اور پھر وینا ملک نے اسے ایسا جواب دیا کہ لاجواب کر دیا۔
ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ”یواین جنرل اسمبلی کی تقریر میں عمران خان نے بھارت کو ایٹمی جنگ کا اشارہ دیا۔ عمران خان ایک بڑے سپورٹس مین ہیں، انہوں نے تقریر میں ’بلڈ باتھ‘ اور ’آخری دم تک جنگ لڑنے‘ جیسے جو الفاظ استعمال کیے اس سے دونوں قوموں کے درمیان نفرت بڑھے گی۔ میں بھی ایک سپورٹس مین ہوں اور مجھے ان سے توقع ہے کہ وہ امن کا پرچار کریں گے۔“
ہربھجن سنگھ کو آئینہ دکھاتے ہوئے اداکارہ ویناملک نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ”وزیراعظم عمران خان نے اپنی تقریر میں امن ہی کی بات کی۔ انہوں نے حقائق پر بات کی اور دنیا کو ان خطرات سے آگاہ کیا جو کشمیر میں کرفیو اٹھائے جانے کے بعد درپیش آئیں گے۔ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ جب کرفیو اٹھایا جائے گا تو کشمیر میں ’بلڈ باتھ‘ ہو گا۔ عمران خان نے اپنی تقریر میں یہ واضح کیا تھا کہ یہ کوئی دھمکی نہیں بلکہ ایک خدشہ ہے جس کا وہ اظہار کر رہے ہیں۔ تمہیں اتنی انگریزی بھی سمجھ نہیں آتی؟“
وینا ملک نے اپنی ٹویٹ میں انگریزی لفظ Surelyکو اختصار کے ساتھ Surlyلکھ دیا جسے ہربھجن سنگھ نے دوسرا رخ دیتے ہوئے جوابی حملہ کر دیا کہ اپنی ٹویٹ میں Surlyلکھ رہی ہو اور مجھے انگریزی نہ آنے کا طعنہ دے رہی ہو۔ اس پر وینا ملک نے خود ہربھجن سنگھ ہی کی دو پہلے سے کی گئی ٹویٹس نکال کر انہیں بھیج دیں جس میں ہربھجن نے بھی ٹویٹ میں حروف کی پابندی کی وجہ سے Surelyکو Surlyلکھ رکھا تھا۔ وینا نے بھجی پا جی کی ٹویٹس انہیں دکھاتے ہوئے لکھا کہ ”میں کروں تو سالا کریکٹر ڈھیلا ہے! کیا کہہ رہے تھے آپ، مجھے انگریزی نہیں آتی۔ یہ آپ کی 2ٹویٹس ہیں۔ آرام سے چائے کے ساتھ ملاحظہ کیجیے۔“ اس کے بعد بھجی پا جی کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا۔