ٹیکس چوری روکنے کیلئے شاپنگ مالزاور بڑے ہوٹلوں میں ایسی چیز نصب کرنے کا اعلان کہ بڑے بڑوں کی نیندیں اڑ گئیں
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) ایف بی آر نے ٹیکس چوری روکنے کے لیے میگا چین سٹورز، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، کیفے، کافی شاپس اور بڑے ہوٹلوں وغیرہ میں الیکٹرانک ڈیوائس سسٹم نصب کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان ڈیوائسز کی تنصیب یکم دسمبر 2019ءسے شروع ہو گی۔ دی نیوز کے مطابق ان ڈیوائسز کے ذریعے ایف بی آر ان دکانوں، ہوٹلوں اور دیگر کاروباروں کی کیش مشینوں کے ساتھ منسلک ہو جائے گا اور گاہک یہ چیک کر سکیں گے کہ ان کا دیا گیا ٹیکس ایف بی آر تک پہنچا ہے یا نہیں۔
ایف بی آر کے ترجمان ڈاکٹر حامد عتیق سرور کا کہنا تھا کہ ”ہم نے 2006ءکے ٹیکس قوانین میں تبدیلی کے لیے ضابطہ جاری کر دیا ہے اور بڑے شاپنگ سٹورز اور ہوٹلوں وغیرہ پر بھی الیکٹرانک ڈیوائس سسٹم نصب کرنے جا رہے ہیں۔ ابتدا میں 20ہزار کاروبار اس ڈیوائس کے ذریعے ایف بی آر سے منسلک کیے جائیں گے۔ اس ڈیوائس کے ذریعے یقینی بنایا جائے گا کہ تمام کاروبار ٹیکس نیٹ میں شامل ہو سکیں اور ان کے کسٹمرز کی طرف سے دیا جانے والا ٹیکس خردبرد کے بغیر ایف بی آر تک پہنچ سکے۔ ان ڈیوائسز کی تنصیب کا عمل 30جون 2020ءتک مکمل ہو جائے گا۔ “