بھارت نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر آسٹریلیا کا ریکارڈ بھی توڑ دیا

بھارت نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر آسٹریلیا کا ریکارڈ بھی توڑ دیا
بھارت نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر آسٹریلیا کا ریکارڈ بھی توڑ دیا

  

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت نے ہوم گراؤنڈ پر جنوبی افریقہ کیخلاف کھیلی جانے والی تین میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ میں جنوبی افریقہ کو ایک اننگز اور 137 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کر لی ہے۔

بھارتی شہر پونے میں ہونے والے دوسرے ٹیسٹ میں بھارت نے مہمان ٹیم کو بری طرح سے شکست دے کر سیریز میں ناقابل شکست برتری حاصل کر لی ہے۔فاسٹ باﺅلر اومیش یادیو اور سپنر رویندرا جدیجہ نے تین تیں وکٹیں حاصل کیں۔ بھارت نے جنوبی افریقہ کو فالو آن کرنے کے بعد دوسری اننگز میں اس کی پوری ٹیم کو میچ کے چوتھے دن آخری سیشن میں 189 رنز پر آﺅٹ کر دیا۔

یہ بھارت کی اپنے ہوم گراؤنڈ پر ریکارڈ 11ویں ٹیسٹ سیریز میں فتح ہے اور اس فتح کیساتھ ہی آسٹریلیا کی 10 سیریز میں فتح کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے جس نے اپنے ہوم گراﺅنڈ پر مسلسل 10 مرتبہ ٹیسٹ سیریز جیتی تھی۔

واضح رہے کہ دوسرے ٹیسٹ میں بھارتی کپتان ویرات کوہلی نے جنوبی افریقہ کے خلاف پونے ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنائی اور وہ 254 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے تھے جبکہ یہ ان کے ٹیسٹ کیرئیر کی 26ویں سنچری تھی۔

بھارتی کپتان کے کیریئر کی یہ ساتویں ڈبل سنچری تھی اور یوں وہ سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے کھلاڑیوں کی فہرست میں چوتھی پوزیشن پر آ گئے ہیں جبکہ ان کے آگے سر ڈان بریڈمین، برائن لارا اور کمار سنگاکارا ہیں جو بالترتیب 12، 11 اور 9 ڈبل سنچریاں بنا چکے ہیں۔

مزید :

کھیل -