لفظ ’پاپاجانی‘ نے فوم بنانے والی دو پاکستانی کمپنیوں میں جھگڑاکرادیا مگر کیسے؟ معاملہ عدالت پہنچ گیا

لفظ ’پاپاجانی‘ نے فوم بنانے والی دو پاکستانی کمپنیوں میں جھگڑاکرادیا مگر ...
لفظ ’پاپاجانی‘ نے فوم بنانے والی دو پاکستانی کمپنیوں میں جھگڑاکرادیا مگر کیسے؟ معاملہ عدالت پہنچ گیا

  



کراچی(مانیٹرنگ ڈیسک) ماسٹرمولٹی فوم بنانے والی کمپنی اپنے اشتہارات میں ’پاپا جانی‘کے الفاظ کا استعمال کرتی ہے اوریہ کام وہ اتنے عرصے سے کر رہی ہے کہ یہ الفاظ اس کے برانڈ کے ساتھ جڑ چکے ہیں اور ’پاپاجانی والا میٹرس‘ کہنے کے بعد یہ بتانے کی ضرورت نہیں رہتی کہ بات ماسٹر مولٹی فوم کی ہو رہی ہے۔ گزشتہ کچھ عرصے سے ڈائمنڈ سپریم فوم بنانے والی کمپنی نے انہی الفاظ کا اپنے اشتہارات میں ایسا استعمال کیا کہ ماسٹرمولٹی فوم کانام لیے بغیر لوگوں کو اس کا استعمال ترک کرکے اپنا میٹرس استعمال کرنے کی ترغیب دی۔ ڈائمنڈ سپریم فوم کے اس اقدام کے خلاف اب مولٹی فوم عدالت چلی گئی ہے ۔

ایکسپریس ٹربیون کے مطابق ڈائمنڈ سپریم فوم کے ایک اشتہار میں شوہر ڈائمنڈ فوم منگواتا ہے اور اس کی بیوی کہتی ہے کہ تم نے ’پاپا جانی والا میٹرس‘ کیوں نہیں منگوایا۔ پھر شوہر ڈائمنڈ فوم کے فوائد بتاتا ہے اور بیوی خوش ہو جاتی ہے۔ ڈائمنڈ فوم کی طرف سے کچھ بل بورڈ بھی شہروں میں آویزاں کیے گئے جن پر لکھا گیا کہ ”ڈیئر پاپا جانی! میں نے اب ڈائمنڈ سپریم فوم استعمال کرنا شروع کر دیا ہے۔ محبت کے ساتھ۔“ گویا وہ بیٹی جس نے رخصتی کے وقت پاپا جانی سے پاپاجانی والا میٹرس جہیز میں لیا تھا اب اس نے برانڈ تبدیل کر لیا ہے اور اس سے اپنے پاپا کو آگاہ کر رہی ہے۔

اس معاملے پر ماسٹرمولٹی فوم نے پیمرا سے رجوع کیا اور پیمرا کی طرف سے ’پاپا جانی کو مولٹی فوم کا ٹریڈمارک قرار دیتے ہوے ڈائمنڈ فوم کو نوٹس بھیج دیا ہے۔ دوسری طرف مولٹی فوم نے عدالت میں بھی ایک درخواست دی جو سماعت کے لیے منظور کر لی گئی ہے۔ اس قانونی کارروائی کے حوالے سے تازہ ترین خبر یہ ہے کہ ڈائمنڈ سپریم فوم کو اپنی تشہیری مہم میں پاپا جانی کے الفاظ استعمال کرنے سے روک دیا گیا ہے اور ان الفاظ کے حامل بل بورڈ اتارنے کا حکم دے دیا گیا ہے۔ سوشل میڈیا بھی ان دو بڑے برانڈز کی لڑائی پر پیچھے نہیں رہا اور کچھ لوگ مولٹی فوم کی طرف داری کر رہے ہیں اور کچھ ڈائمنڈ فوم کے تخلیقی اور استہزائیہ اشتہارات کی تعریف کر رہے ہیں۔

مزید : ڈیلی بائیٹس /علاقائی /سندھ /کراچی