رات کو 3 بجے کھانا لا کر دینے والے ’عثمان‘ کو لڑکی نے فرینڈ زون کردیا، سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہوگیا

رات کو 3 بجے کھانا لا کر دینے والے ’عثمان‘ کو لڑکی نے فرینڈ زون کردیا، سوشل ...
رات کو 3 بجے کھانا لا کر دینے والے ’عثمان‘ کو لڑکی نے فرینڈ زون کردیا، سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہوگیا

  



لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایک لڑکی کی جانب سے ’عثمان‘ نامی نوجوان کو ’فرینڈ زون‘ کیے جانے کے باعث پاکستان میں سوشل میڈیا پر ہنگامہ برپا ہے۔

کہانی کومل شاہد نامی لڑکی کے ایک ٹویٹ سے شروع ہوئی جس نے رات کو 3 بجے بتایا کہ اس کے دوست ’ عثمان‘ نے اسے رات کے اس پہر کھانے پینے کی انتہائی قیمتی چیزیں لا کر دی ہیں۔ کومل شاہد نے لکھا ’ میں نے عثمان کو ٹیکسٹ کیا کہ مجھے اس وقت کچھ کھانا ہے اور اس نے مجھے یہ سب لا کر دیا ، ہر انسان کو اپنی زندگی میں عثمان جیسے دوست کی ضرورت ہے‘۔ اپنے اس ٹویٹ کے ساتھ کومل نے بسکٹ، چاکلیٹ اور پیسٹری سمیت ان اشیا کی تصاویر بھی شیئر کیں جو عثمان نے اسے لا کر دی تھیں۔

رات کے 3 بجے عثمان کی جانب سے دی جانے والی قربانی پر کومل کا اسے ’فرینڈ‘ قرار دینا پاکستانیوں کو کچھ خاص پسند نہیں آیا اور انہوں نے ’بیچارے عثمان‘ کو ’فرینڈ زون‘ کیے جانے پر افسوس کا اظہارکرنا شروع کردیا۔

’عثمان‘ کو فرینڈ زون کیے جانے کا معاملہ دونوں دوستوں کے درمیان تک تو ٹھیک تھا لیکن اب یہ پاکستان کا سب سے ہاٹ ٹاپک بن چکا ہے اور اس وقت ’عثمان‘ کا ہیش ٹیگ ٹوئٹر پر دوسرے نمبر پر ٹرینڈ کر رہا ہے۔ اس ہیش ٹیگ کے ساتھ جہاں لوگ ’عثمان‘ کی قسمت کا رونا رو رہے ہیں وہیں مزے مزے کی میمز بھی بنا رہے ہیں۔

ایک صارف نے عثمان کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کھانے کی ہوم ڈلیوری کرنے والی کمپنی ’فوڈ پانڈا‘ کے لوگو کو تبدیل کرتے ہوئے اسے ’ عثمانڈا‘ کا نام دے دیا۔

تحسین نے ان تمام لڑکوں کیلئے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرنے کی تجویز دی جنہیں تمام تر قربانیوں کے باوجود لڑکیوں کی جانب سے ’فرینڈ زون‘ کردیا جاتا ہے۔

ملک سلطان اعوان نے وزیر اعظم عمران خان کو بتادیا کہ ’ خان صاحب! ! اس دن بنے گا نیا پاکستان ۔۔۔ جب میسر ہوگا ہر لڑکی کو ٹوئٹر والا عثمان۔‘

ایک صارف نے ہیوگ جیک مین کی تصویر استعمال کرتے ہوئے اسے عثمان اور کومل کی صورتحال سے ملادیا اور لکھا ’ عثمان کومل کو کسی اور کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھ رہا ہے اور ان تمام کھانوں کے بارے میں سوچ رہا ہے جو اس نے کومل کیلئے خریدے تھے۔‘

ٹوئٹر پر ایک صارف نے تو ٹوم اینڈ جیری کارٹون کی مدد سے ’ عثمان‘ کی پوری زندگی کی کہانی بیان کردی۔

مزید : ڈیلی بائیٹس