آنکھوں کی پر اسرار بیماری میں مبتلا بچے کے علاج کیلئے اہم ترین حکومتی شخصیت نے بڑا اعلان کردیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے حاصل پور کے رہائشی بچے واجد کی آنکھوں کی پیچیدہ بیماری کا علاج کرانے کا اعلان کردیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ آنکھوں کی پراسرار بیماری میں مبتلا 6 سالہ بچے کی آنکھوں کا علاج سرکاری سطح پر کرایا جائے گا اور علاج معالجے پر اٹھنے والے اخراجات پنجاب حکومت ادا کرے گی۔ وزیراعلیٰ نے صوبائی وزیر صحت اور سیکرٹری صحت کو بچے کے علاج معالجے کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔وزیراعلیٰ کی ہدایت پر میڈیکل بورڈ واجد کی آنکھوں کا معائنہ کرے گا۔
خیال رہے کہ تحصیل حاصلپور کے علاقہ بونگہ لشکری کی قریبی بستی جمالپور کا 6 سالہ واجد پچھلے دوبرس سے آنکھوں کی پر اسرار بیماری میں مبتلا ہے۔ غریب والدین ساری جمع پونجی اپنے لخت جگر کے علاج معالجے پر خرچ کرچکے ہیں ۔