پاکستان نے بھارت کو چاروں شانے چت کردیا، ششی تھرور آﺅٹ ، رضا ربانی انٹر پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن منتخب
بلغراد (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان نے بھارت کو پچھاڑ کر پارلیمانی سفارتکاری کی تاریخی فتح اپنے نام کرلی۔ ہندوستانی وفد کی بھرپور کوششوں کے باوجود پاکستانی امیدوار نے فیصلہ کن فتح حاصل کی۔ بھارتی امیدوار ششی تھرور کے مقابلے میں سینیٹر رضا ربانی کو انٹر پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کا رکن منتخب کرلیا گیا ۔
عالمی سفارتی محاذ پر بھارت کی پسپائیوں اور پاکستان کی کامیابیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ سربیا کے دارالحکومت بلغراد میں جاری انٹر پارلیمانی یونین کی 141 ویں جنرل اسمبلی کا اجلاس جاری ہے۔ انٹر پارلیمان یونین دنیا بھر کی 188 پارلیمانوں پر مشتمل ہے۔اتوار کے روز یونین کے ایشیا پیسفک گروپ کا اجلاس سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیر صدارت ہوا۔
انٹر پارلیمانی یونین میں پاکستان نے شاندار سفارتکاری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارت کو چاروں شانے چت کردیا۔ اجلاس کے دوران سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کو پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کا رکن منتخب کرلیا گیا ہے جبکہ ان کے مد مقابل بھارتی امیدوار ششی تھرور کو تاریخی شکست کا سامنا کرنا پڑا ۔
ایشیا پیسفک گروپ کی جانب سے یونین کی ایگزیکٹو باڈی کیلئے ایک متفقہ امیدوار دیا جانا تھا جس کیلئے پاکستان نے سینیٹر رضا ربانی جبکہ بھارت نے ششی تھرور کونامزد کیا تھا۔ ایشیا پیسفک گروپ کے تمام 34 ارکان کا پاکستان کی طرف جھکاﺅ دیکھ کر بھارتی وفد کی جانب سے انتخابات موخر کروانے کی کوشش کی گئی لیکن ان کی دال گل نہ سکی۔ اپنی یقینی ہار دیکھتے ہوئے بھارتی امیدوار نے اپنا نام واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے شکست تسلیم کرلی جس کے باعث رضا ربانی بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔ خیال رہے کہ پاکستان کی جانب سے اس عہدے کیلئے خفیہ رائے شماری کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ سینیٹر رضا ربانی کو انٹر پارلیمانی یونین کی ایگزیکٹو کمیٹی کا رکن3 سال کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔
دوسری جانب مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے سینیٹر جاوید عباسی کو یونین کی ڈرافٹنگ کمیٹی کا رکن منتخب کیا گیا ہے۔