کورونا سے مزید 10افراد جاں بحق، 24گھنٹوں میں 385نئے کیس رپورٹ

کورونا سے مزید 10افراد جاں بحق، 24گھنٹوں میں 385نئے کیس رپورٹ

  

  اسلام آباد،کراچی،راولپنڈی،لاہور(آئی این پی،جنرل رپورٹر) کورونا وائرس سے 10 افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد اموات کی تعداد 6 ہزار 580 ہوگئی۔ پاکستان میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 19 ہزار 317 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 385 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں ایک لاکھ 764، سندھ میں ایک لاکھ 40 ہزار 294، خیبر پختونخوا میں 38 ہزار 348، بلوچستان میں 15ہزار 525، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 937، اسلام آباد میں 17 ہزار 331 جبکہ آزاد کشمیر میں 3 ہزار 118 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 38 لاکھ 84 ہزار 796 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 26ہزار 951نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 3 لاکھ 4 ہزار 185 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 491مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 10 افراد جاں بحق ہوئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 6ہزار 580 ہوگئی۔ وائس چیئرمین کورونا ایکسپرٹ پروفیسر اسد اسلم خان سے بات کی گئی تو انہوں نے کہا کہ بے احتیاطی سے یقینی طور پر کیسز میں اضافہ ہوگا۔ سیاسی جلسے جلوس اور تقریبات بھی وباء میں اضافے کا باعث بن سکتے ہیں۔ چیئرمین کورونا ایکسپرٹ کہتے ہیں موسم کی تبدیلی وائرس کی شدت کے ساتھ واپسی کا ذریعہ بن سکتی ہے۔ادھر ترجمان پی آئی اے کے نئے ایس اوپیز کے تحت تمام متعلقہ محکموں اور افسران کو سختی سے عملدرآمد کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ ایس او پیز کے تحت دفتری اوقات میں فیس ماسک کا استعمال لازمی، ہاتھ ملانے اور گلے ملنے پر بھی پابندی برقرار ہے جب کہ کھانسی، بخار اور زکام والے افراد سے دور رہنے کی تاکید کی گئی ہے اور کسی بھی ملازم کو بخار، کھانسی یا نزلے پر فوری چھٹی یا آئسولیٹ کیا جائیگا۔  راولپنڈی میں کورونا ایس او پیزپرعملدرآمد نہ کرنے پر 2 شادی ہالز اورکئی ریسٹورنٹس کو مجموعی طور پر ایک لاکھ روپے جرمانہ عائد کر دیا گیا۔ پنجاب میرج ہالز اور کیٹررز ایسوسی ایشنز نے حکومت کی جانب سے نئے ایس او پیز کو مسترد کردیا اور واپس نہ لینے پر احتجاج کی دھمکی دیدی۔ایک بیان میں ایسوسی ایشن نے کہا حکومت نے ایس او پیز واپس نہ لیے تو ایک ہفتے بعد اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔ میرج ہال کے کاروبار سے ملک کی تمام انڈسٹریز وابستہ ہیں لیکن لاک ڈان میں حکومت نے ہمیں اور ملازمین کو ریلیف نہیں دیا۔

کرونا وائرس 

مزید :

صفحہ اول -