گرانفروشوں کیخلاف کریک ڈاؤن 28دکاندار گرفتار، ایک لاکھ روپے سے زائد جرمانہ
لاہور(سٹی رپورٹر)گراں فروشی کی روک تھام اور ڈیمانڈ اینڈ سپلائی بہتر بنانے کے لئے ڈی سی لاہور مدثر ملک خود آپریشنل لیول پر آ گئے، انہوں نے ساندہ کے علاقے میں پھلوں، سبزیوں، نان شاپس، میگا سٹورز اور آٹا چکی کے اچانک دورے کیے۔گراں فروشوں اور تجاوزات کرنے والوں کو بھاری جرمانے عائد کئے گئے۔ ڈی سی لاہور نے کہا شہر میں آٹا اور چینی کی سپلائی کو بہتر کر رہے ہیں اور آٹا ملوں میں ریونیو سٹاف ڈیوٹی دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مارکیٹ میں آٹا کی فراہمی میں پچھلے دو روز میں بہتری لائی گئی ہے۔آٹے کی سپلائی میں خرابی پیدا کرنے پر مل اور فوڈ ڈیپارٹمنٹ کے ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن ہو گا۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ شہر میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 860 میں فروخت ہو رہا ہے. ڈی سی لاہور مدثر ملک نے کہا کہ آٹا اور چینی کی مسلسل سپلائی کے لئے جامع پلان اور ملوں کی سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ لاہور پرائس کنٹرول کے حوالے سے متحرک ہیں. اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن ذیشان نصر اللہ رانجھا نے مکہ کالونی گلبرگ میں کارروائی کے دوران27 پھل اور سبزی فروشوں کو ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے پر گرفتار کروایا۔ اسسٹنٹ کمشنر شالیمار مہدی مالوف نے فروٹ و سبزی مارکیٹ سنگھ پورہ میں ریٹ لسٹ نمایاں جگہ پر آویزاں نہ کرنے پر سٹالز مالکان کو سختی سے وارننگ جاری کی.علاوہ ازیں ضلعی انتظامیہ لاہور نے پرائس کنٹرول کی رپورٹ جاری کردی۔ ڈی سی لاہور نے کہا کہ 573 مقامات کی چیکنگ کی گئی، 64 خلاف ورزیاں پائی گئیں، 01 لاکھ 19 ہزار روپے کے جرمانے عائدکرتے ہوئے 01 مقدمہ درج کروایا اور 01 شخص کو گرفتار کروایا۔