عدالتیں اور احتسابی ادارے مکمل آزاد ہیں،جمشید اقبال چیمہ
لاہور(نمائندہ خصوصی) انصاف ویلفیئر ونگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں عدالتیں اور احتساب کے ادارے مکمل آزاد ہیں، موجودہ حکومت نے اپوزیشن کے خلاف ایک بھی مقدمہ قائم نہیں کیا اس لئے سیاسی انتقام کاواویلا بے بنیاد ہے، سابقہ ادوار کے پہاڑ جتنے قرضوں کے باوجود حکومت نے کورونا وائرس کی وباء کے دوران پسے ہوئے طبقات سمیت تمام شعبوں کو ہر طرح کی معاونت فراہم کی ہے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے وسطی پنجاب سے تعلق رکھنے والے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت نے کورونا وائرس کی وجہ سے مشکلا ت کا شکار ہونے والوں کی مدد کیلئے پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مالیاتی پیکج دیا لیکن بد قسمتی سے اپوزیشن اس کی تحسین کرنے کی بجائے سیاسی بغض میں مبتلا ہو کراس میں سے بھی کیڑے نکال رہی ہے۔ اپوزیشن ہمیں بتائے موجودہ حالات میں مزید کون سے ایسے اقدامات اٹھائے جائیں جس سے کوروناوائرس کے منفی اثرات کو زائل کیا جا سکے۔
لیکن اپوزیشن کی سیاست کرپشن بچانے سے نتھی ہے اور انہیں اور کچھ دکھائی نہیں دیتا۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے حقیقی معنوں میں فلاحی ریاست کی بنیاد رکھنے کیلئے اقدامات اٹھائے ہیں اور انشا اللہ اس کے دورس نتائج برآمد ہوں گے۔