سٹاک مارکیٹ مندی کا شکار،انڈیکس میں 588.61پوائنٹس کی کمی،ڈالر 10پیسے،سونا 300روپے تولہ مہنگا

    سٹاک مارکیٹ مندی کا شکار،انڈیکس میں 588.61پوائنٹس کی کمی،ڈالر 10پیسے،سونا ...

  

 کراچی (اکنامک رپورٹر) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو اتار چڑھاوٗ کا سلسلہ جاری رہنے کے بعد مندی غالب آگئی جس کے نتیجے میں 588.61 پوائنٹس کی کمی سے40209پوائنٹس کی سطح پرآگیاجبکہ 77.33فیصد کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی جس کے سبب سرمایہ کاروں کو95ارب60کروڑ4لاکھ روپے کا نقصان اٹھانا پڑا جب کہ حصص کی لین دین کے لحاظ سے کاروباری حجم بھی گزشتہ ٹریڈنگ سیشن کی نسبت 5.24فیصد زائد رہا۔گذشتہ روز ٹریڈنگ کا آغاز مثبت زون میں ہوا اور ابتدائی اوقات میں سرمایہ کاروں کی جانب سے منافع بخش کمپنیوں کے شیئرز کی خریداری کے باعث کے ایس ای100انڈیکس 41ہزار کی نفسیاتی حد کو بحال کرتے ہوئے41052پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا تاہم بعد ازاں ملک میں سیاسی عدم استحکام کے پیش نظر سرمایہ کاروں نے محتاط طرز عمل اپناتے ہوئے حصص فروخت کرنے شروع کردئے جس کے سبب تیزی کے اثرات زائل ہوگئے اور مارکیٹ مندی کی لپیٹ میں آگئی مندی کا رجحان آخر تک برقرار رہا اور کاروبار کے اختتا م پر کے ایس ای100انڈیکس 588.61پوائنٹس کی کمی سے40209.82پوائنٹس پر بند ہوا جب کہ کے ایس ای30انڈیکس 265.89پوائنٹس کی کمی سے17013.60پوائنٹس اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس362.66پوائنٹس کی کمی سے28511.39پوائنٹس پر بند ہوا۔گزشتہ روز مجموعی طور پر 406کمپنیوں کا کاروبار ہوا جس میں سے74کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ 314میں کمی اور18کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں استحکام رہا۔بیشتر کمپنیوں کے شیئرز کی قیمتوں میں کمی کے آنے کے باعث سرمائے کا مجموعی حجم 76کھرب2ارب 98کروڑ98لاکھ روپے سے گھٹ کر75کھرب7ارب38کروڑ96لاکھ روپے ہوگیا۔قیمتوں میں اتار چڑھاوکے اعتبار سے بہانیرو ٹیکس کے حصص66.27روپے کے اضافے سے958.98روپے اورفیصل شپنگ 17.87روپے کے اضافے سے300روپے ہوگیا جب کہ انڈس ڈائنگ 39.12روپے کی کمی سے507.01روپے اورپریمیئر شوگر 32.98روپے کی کمی سے466.01روپے کے ساتھ سرفہرست رہے۔مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں پیر کوپاکستانی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 10پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور یورو کی قدر میں 80پیسے جب کہ برطانوی پاونڈ کی قدر میں 50پیسے کی کمی ہوئی۔فاریکس ایسوسی ایشن آف پاکستان کی رپورٹ کے مطابق پیر کو انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید163.75روپے اور قیمت فروخت163.95روپے مستحکم رہی جب کہ مقامی اوپن کرنسی مارکیٹ میں روپے کے مقابلے ڈالر کی قدر میں 10پیسے کا اضافہ ہوا جس سے ڈالر کی قیمت خرید163.70روپے سے بڑھ کر1263.80روپے اور قیمت فروخت164روپے سے بڑھ کر164.10روپے ہو گئی جبکہ یورو کی قیمت خرید80پیسے کی کمی سے192.30روپے سے گھٹ کر191.50روپے اور قیمت فروخت194.30روپے سے گھٹ کر193.50روپے ہو گئی جبکہ برطانوی پونڈ کی قیمت خرید212روپے سے گھٹ کر211.50روپے اور قیمت فروخت214روپے سے گھٹ کر213.50روپے ہوگئی۔مقامی صرافہ مارکیٹوں میں سونے کی قیمت 300روپے کے اضافے سے بڑھ کرایک لاکھ16ہزار500روپے ہوگئی۔۔آل سندھ صراف اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق پیر کو عالمی گولڈ مارکیٹ میں 8 ڈالر کی کمی سے1923ڈالر ہوگئی تاہم اس کے برعکس مقامی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت 300روپے کے اضافے سے1لاکھ 16ہزار500روپے اور دس گرام سونے کی قیمت 257روپے کے اضافے سے99ہزار880روپے ہوگئی جب کہ چاندی کی فی تولہ قیمت1300روپے مستحکم رہی۔

سٹاک مارکیٹ

مزید :

صفحہ آخر -