ہیلتھ کارڈ عوام کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں،سردار الفرید ظفر

ہیلتھ کارڈ عوام کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں،سردار الفرید ظفر

  

لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ ہیلتھ انصاف کارڈ کی لاکھوں خاندانوں کو فراہمی کسی نعمت سے کم نہیں اور یہ اقدام وزیر اعظم  عمران خان کے ویژن اور وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین کی بہترین کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ انصاف کارڈ کی فراہمی سے نہ صرف ہسپتالوں میں مریضوں کا رش کم ہوگا بلکہ انتظامی امور کو احسن طریقے سے چلانے میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی اور عام آدمی کو بلا واسطہ طور پر ریلیف حاصل ہوگا۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ایل جی ایچ ڈاکٹر عبدالرزاق، ایڈیشنل ڈائریکٹر ایمرجنسی ڈاکٹر لیلیٰ شفیق، ایڈیشنل ایم ایس ڈاکٹر ریاض حفیظ، ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ صوبے کی آبادی میں تیزی سے اضافہ اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے صحت کے مسائل پر خوش اسلوبی سے قابو پانے کیلئے حکومت نے نہ صرف ضلع و تحصیل کی سطح پر سرکاری ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن اور جدید طبی آلات فراہم کرنے پر توجہ دی ہے بلکہ وہاں ہیلتھ انصاف کارڈ کی لاکھوں خاندانوں کو فراہمی انتہائی بر وقت اقدام ہے جس کے مثبت نتائج مرتب ہو رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب کوئی بھی غریب خاندان پیسے نہ ہونے کی وجہ سے علاج معالجے سے محروم نہیں ہوگا بلکہ اب شہری حکومت کی جانب سے فراہم کردہ مفت سہولیات کا بھرپور فائدہ اٹھا رہے ہیں۔  سربراہ لاہور جنرل ہسپتال پروفیسر الفرید ظفر نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ حکومت نے شہریوں کو اپنے علاقے میں ہی طبی سہولیات فراہم کرنے کا عزم کر رکھا ہے تاکہ انہیں اپنے علاج کے سلسلے میں دور دراز کا سفر نہ کرنا پڑے اوراُن کو مالی بوجھ سے چھٹکارا حاصل ہو سکے۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایات کے مطابق سرکاری ہسپتالوں نے اپنے ان ڈور اور آؤٹ ڈور سسٹم کو بہتر کیا ہے اور شہریوں کو ماضی کے مقابلے میں کہیں بہتر طبی سہولیات میسر ہو رہی ہیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -