گورجرانوالہ،پی دی ایم کے جلسے کی تیاریاں عروج پر،اپوزیشن کی کارنر میٹنگز کی بھرمار

گورجرانوالہ،پی دی ایم کے جلسے کی تیاریاں عروج پر،اپوزیشن کی کارنر میٹنگز کی ...

  

 گوجرانوالہ(شبیر حسین مغل سے) گوجرانوالہ میں 16اکتوبرکواپوزیشن جماعتوں کے حکومت کیخلاف کیے جانیوالے جلسے کی تیاریاں عروج پر ہیں اوراس کیلئے باقاعدہ طورپر پہلے سے طے شدہ ماسٹرپلان پرپوری طرح عملدرآمدکروایاجارہا ہے اوراس ضمن میں حالیہ ایام میں مرکزی لیگی رہنمااوربعض ممبران اسمبلی مختلف جگہوں پر منعقدہ اجتماعات میں حکومت مخالف تقریریں کرکے سیاسی میدان کوخوب گرمارہے ہیں اورمسلم لیگ (ن)کے ساتھ ساتھ مولانافضل الرحمن کی جماعت‘جمعیت علمائے اسلام اورپیپلزپارٹی کی قیادت وجیالے بھی جلسے کی کامیابی کیلئے بڑی تیاریوں میں مصروف عمل ہیں خصوصی ذرائع کے مطابق مسلم لیگ کی مرکزی قیادت اوراپوزیشن کی تمام متحدہ جماعتیں جلسے کوکامیاب کروانے کیلئے ہرممکن حدتک زور لگارہی ہیں اوراس سلسلہ میں مسلم لیگ ن کئی بڑے لیڈر اوراعلی قیادت مسلسل کئی روز سے یہاں ڈیرے ڈالے ہوئے ہے اورکارکنوں کوبڑی تعداد میں جلسہ گاہ میں لانے کیلئے باقائدہ طورپر ایک خاص ترتیب دیئے گئے پروگرام پرعمل پیرا ہیں موجودہ دنوں میں مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر راناثناء اللہ‘پرویزرشید‘دانیال عزیز‘مریم اورنگزیب‘خرم دستگیر خان‘عمران خالد بٹ‘عثمان ابراہیم اوردیگر لیڈران کارنرمیٹنگ اوردیگر مختلف طریقوں سے کارکنوں کے اجتماعات سے نہ صرف خطاب کررہے ہیں بلکہ انہیں جلسے کوکامیابی سے ہمکنارکروانے کیلئے خاص قسم کی ہدایات بھی جاری کررہے ہیں۔ 16اکتوبر کودونوں سیاسی پارٹیوں کے آمنے سامنے ہونے پرکسی بڑے تصادم کا اندیشہ بھی ہے اوراس سے ضلعی انتظامیہ اورپولیس کے افسران خاصے پریشانی میں مبتلا دکھائی دیتے ہیں مگرگزشتہ روز پی ٹی آئی کی ضلعی اورسٹی تنظیم نے 16اکتوبرکوریلی نکالنے سے انکارکردیا ہے اورموقف اختیار کیا ہے کہ اگرریلی نکالنے کاپارٹی قیادت حکم دیگی تو پھرہی عمل ہوگا اورضلعی انتظامیہ کی جانب سے جناح سٹیڈیم میں جلسے کی اجازت نہ ملنے کی صورت میں مسلم لیگ اوردیگراپوزیشن جماعتیں جی ٹی روڈ پرہی جلسہ کرنے کااعلان کررہی ہیں جبکہ بڑے جلسے کی صورت میں یہاں کرونا وائرس کے دوبارہ پھیلنے کے خدشات بھی منڈلارہے ہیں۔

اپوزیشن کا جلسہ 

مزید :

صفحہ اول -