شور مچاکر اور دباؤ ڈال کر کوئی بھی احتساب سے نہیں بچ سکتا:شوکت یوسفزئی

شور مچاکر اور دباؤ ڈال کر کوئی بھی احتساب سے نہیں بچ سکتا:شوکت یوسفزئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


 پشاور(سٹاف رپورٹر)صوبائی وزیر محنت و ثقافت شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے ملک کے لیے پہلے کچھ کیا ہے نہ اب اس سے توقع ہے۔ وہ چاہے ایک نہیں دس تحریکیں چلا لے حکومت کسی دباؤ میں نہیں آئے گی۔ آئندہ تین سالوں میں انشاء اللہ شانگلہ کی محرومیاں ختم کرکے اس کی تقدیر بدل دی جائے گی۔ سڑکیں سکول اور کالجز بناکر نیا ریکارڈ قائم کروں گا۔وزیر اعلی محمود خان دور دراز علاقوں کی پسماندگی دور کرنے کے لیے کوششیں کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز شانگلہ کے دورہ کے موقع پر پیر آباد میں ڈاکٹر محمد جاوید کی رہائش گاہ پر حلقہ میں 99 مساجد کو سولرائز کرنے کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔اس موقع پرپاکستان تحریک انصاف کے ضلعی صدر وقار احمد خان جنرل سیکرٹری عبدل مولا۔ ایڈیشنل جنرل سیکرٹری حبیب طوفان اسلام زادہ۔ڈاکٹر جاوید۔ پیر امان علی بازخان اور پارٹی کے دیگر عہدیداربھی موجود تھے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ شانگلہ میں بنیادی سہولیات کو فراہم کر کے عوام کو ریلیف دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے صرف مخصوص اضلاع میں ترقیاتی کام ہوا کرتے تھے لیکن آج پورے صوبے میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کو مشکل مرحلے سے نکالا ہے اور آج بھی وہ غریب عوام کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ شوکت یوسفزئی نے اپوزیشن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن احتساب سے بچنے کے لیے تحریک چلانے کی دھمکیاں دے رہی ہے۔ حکومت کسی دھمکی اور دباؤ میں نہیں آئے گی۔ اپوزیشن کے لیڈروں پر کرپشن کے الزامات ہیں جن کے خلاف مقدمے چل رہے ہیں۔ احتساب سے بچنے کے لئے لیے وہ مہنگائی اور دوسرے مسائل کا سہارا لے کر حکومت کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔ شوکت یوسفزئی نے کہا کہ ہم اپوزیشن کی گیدڑ بھبکیوں کا جواب اپنے ترقیاتی کاموں سے دیں گے۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان اسمبلی سے باہر ہیں نواز شریف ملک سے باہر ہیں زرداری بیمار ہیں اس لیے ان کی تحریک میں کوئی وزن نہیں اور نہ ہی عوام ان کا ساتھ دے گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ شور مچاکر اور دباؤ ڈال کر کوئی بھی احتساب سے نہیں بچ سکے گا۔صوبائی وزیر نے پیر آباد میاں کلے مسجد میں سولر سسٹم لگانے کے کام کا افتتاح کیا اور بعد ازاں بازار کوٹ شڑونہ کے روڈ اور پل کا بھی افتتاح کیا

مزید :

صفحہ اول -