بجلی کی پیداوار کیلئے فرنس آئل کی در آمد 158فیصد بڑھ گئی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)موسم سرما میں گیس کی قلت کے باعث بجلی کی پیداوار کیلئے ستمبر میں پاور سیکٹر کیلئے فرنس آئل کی در آمد میں 158 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔انڈسٹری ذرائع کے مطابق گزشتہ ماہ ایک لاکھ85ہزار ٹن سے زائد فرنس آئل در آمد کیا گیا جب کہ اگست میں فرنس آئل کی در آمد 72ہزار ٹن کے لگ بھگ رہی تھی،انڈسٹری ذرائع کا کہنا ہے کہ موسم سرما کے دوران گیس کی قلت کے پیش نظر فرنس آئل اور ایل این جی کی در آمد میں اضافے کا رجحان رہے گا،گزشتہ ماہ پٹرول کی در آمد میں 10.5 فیصد کی کمی رہی اور 5لاکھ88ہزار ٹن پٹرول در آمد کیا گیا جبکہ اگست میں پٹرول کی در آمد6لاکھ57ہزار ٹن سے زائد ریکارڈ کی گئی تھی،گزشتہ ماہ ڈیزل کی در آمد میں بھی22فیصد کی کمی ہوئی اور دو لاکھ20ہزار ٹن ڈیزل در آمد کیا گیا جب کہ اگست میں دو لاکھ84ہزار ٹن ڈیزل در آمد کیا گیا تھا،خام تیل کی در آمد ستمبر میں 8فیصد کمی سے 6لاکھ27ہزار645ٹن رہی جب کہ اگست میں خام تیل کی در آمد6لاکھ83ہزار ٹن کی سطح پر تھی،ہائی اوکٹین کی در آمد گزشتہ ماہ 142فیصد اضافے سے 10 ہزار 129ٹن رہی جبکہ اگست میں 4180ٹن ہائی اوکٹین در آمد کیا گیا تھا،ستمبر میں جیٹ فیول کی در آمد 10 ہزار 530ٹن رہی جب کہ 9688ٹن نیفتھا بر آمد کیا گیا۔