نیب کی نااہلی کے باعث 3 سال انکوائری کے باوجود ضیاالحسن اور دیگر ملزموں کیخلاف ریفرنس دائر نہیں کیا جاسکا، عدالت برہم
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن)نیب سکھر،تفتیشی افسر اور پراسیکیوشن کی نااہلی کے باعث 3 سال انکوائری کے باوجود ضیاالحسن اور دیگر ملزموں کیخلاف ریفرنس دائر نہیں کیا جاسکا،عدالت پراسیکیوٹر نیب سکھر عبیداللہ ابڑو پر برہم ہو گئی۔
نجی ٹی وی جی این این کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں ضیاالحسن لنجار کےخلاف آمدن سے زائد اثاثے بنانے سے متعلق نیب انکوائری پر سماعت ہوئی ،3 سال انکوائری کے باوجود ضیاالحسن اور دیگر ملزموں کیخلاف ریفرنس دائر نہیں کیا جاسکا جس پر عدالت پراسیکیوٹر نیب سکھر عبیداللہ ابڑو پر برہم ہو گئی۔
جسٹس محمد اقبال نے کہاکہ ریفرنس ابھی تک دائر ہی نہیں ہوا اور کتنا وقت چاہئے ؟، نیب نے کہاکہ ضیاالحسن لنجار کے خلاف مزید شواہد اور بے نامی جائیداد کاسراغ لگا لیا،تحقیقات مکمل کرنے کیلئے مزید مہلت درکار ہے ۔
عدالت نے ضیاالحسن لنجار، خان بہادراور حسن آفندی کی عبوری ضمانت میں 16 نومبر تک توسیع کردی اور نیب سکھر سے آئندہ سماعت پر پیشرفت رپورٹ طلب کرلی ۔