نیشنل ٹی 20 کپ، خیبرپختونخواہ کے ہاتھوں سدرن پنجاب کو شکست ، فائنل فور میں رسائی مشکل ہو گئی

نیشنل ٹی 20 کپ، خیبرپختونخواہ کے ہاتھوں سدرن پنجاب کو شکست ، فائنل فور میں ...
نیشنل ٹی 20 کپ، خیبرپختونخواہ کے ہاتھوں سدرن پنجاب کو شکست ، فائنل فور میں رسائی مشکل ہو گئی
کیپشن:    سورس:   Twitter

  

راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نیشنل ٹی 20 کپ کے 21ویں میچ میں فخر زمان کی نصف سنچری اور مصدق احمد کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت خیبرپختونخوا نے سدرن پنجاب کو 73رنز کے بھاری مارجن سے شکست دیدی ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 206 رنز کے تعاقب میں سدرن پنجاب کی پوری ٹیم 132 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ آل راؤنڈر محمد عمران 28 گیندوں پر 6 چوکوں اور2 چھکوں کی مدد سے 48 رنز بناکر سب سے نمایاں رہے، سیکنڈ الیون میں عمدہ کارکردگی کی بدولت فرسٹ الیون سکواڈ میں جگہ بنانے والے زین عباس 34 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

خیبرپختونخوا کی جانب سے جنید خان سب سے کامیاب باﺅلر رہے جنہوں نے 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ شاہین شاہ آفریدی، ارشد اقبال،مصدق احمد، شعیب ملک اور وہاب ریاض نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل سدرن پنجاب کے کپتان شان مسعود نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو خیبرپختونخوا کے اوپنر فخر زمان نے 34 گیندوں پر 11 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 68 رنز بنائے۔ کپتان محمد رضوان کے 12 رنز پر آﺅٹ ہونے پر اوپنر نے محمد حفیظ کے ہمراہ 71 رنز کی شراکت قائم کی تاہم اس موقع پر محمد حفیظ 17 رنزبناکر آؤٹ ہو گئے۔ 

اننگز کے اختتامی اوورز میں مصدق احمد نے 9 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 33 رنز کی برق رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کا مجموعہ 200 کے پار پہنچانے میں مدد کی۔ انہوں نے شعیب ملک کے ہمراہ پانچویں وکٹ کیلئے 43 رنز کی ناقابل شکست شراکت قائم کی جبکہ شعیب ملک بھی 33 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

ایونٹ میں پانچویں کامیابی نے خیبرپختونخوا کی سیمی فائنل میں رسائی کے امکانات روشن کردئیے ہیں جبکہ ایونٹ کے 7 میں سے 6 میچز ہارنے کے بعد سدرن پنجاب کیلئے فائنل فور میں جگہ بنانا مزید مشکل ہوگیا ہے۔ مین آف دی میچ کا ایوارڈ جیتنے والے فخر زمان کاکہنا ہے کہ پنڈی کرکٹ سٹیڈیم کی پچ بیٹسمین کیساتھ ساتھ باؤلرز کیلئے بھی سازگار ہے، جو شعبہ بھی محنت کرتا ہے اسے اس پچ سے مدد ملنا شروع ہوجاتی ہے۔ 

مزید :

کھیل -