2 سال قبل آسٹریلیا کیخلاف 91 رنز کی اننگز کھیلنے والے فخر زمان کی نیشنل ٹی 20 کپ میں کارکردگی کیسی رہی؟
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج اوپننگ بلے باز فخر زمان طویل عرصے سے آﺅٹ آف فارم ہیں اور کوئی بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہیں ہوئے تھے لیکن نیشنل ٹی 20 کے رواں سیزن میں بالآخر انہوں نے اپنی فارم بحال کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق بائیں ہاتھ سے جارحانہ بیٹنگ کرنے والے فخرزمان نے 37 ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں چار نصف سنچریوں کی مدد سے 793 رنز بنائے ہیں جبکہ ان کا سٹرائیک ریٹ 137 ہے تاہم گزشتہ چند سیریز میں ان کی کارکردگی خاطر خواہ نہیں رہی ہے۔
فخر زمان نے دو سال قبل آسٹریلیا کے خلاف 91 رنز کی اننگز کھیلی تھی اور اس کے بعد سے فخر زمان کا 14 اننگز میں سب سے بڑا انفرادی سکور 36 ہے جو انہوں نے انگلینڈ کے حالیہ دورے میں بنایا ہے تاہم مداحوں کیلئے خوشخبری یہ ہے کہ وہ اپنی کھوئی ہوئی فارم بحال کرنے میں کامیاب ہو گئے ہیں اور نیشنل ٹی 20 کپ میں عمدہ کارکردگی دکھا رہے ہیں۔
بائیں ہاتھ کے جارح مزاج بلے باز نے نیشنل ٹی 20 کپ میں اب تک سات اننگز میں تین نصف سنچریاں بنائی ہیں جس سے یقینا ان کا اعتماد بحال ہو گا جبکہ وہ رواں ٹورنامنٹ میں 271 رنز بنا کر اس وقت دوسرے سب سے کامیاب بلے باز بھی ہیں اور اس کارکردگی کی بدولت قومی ٹیم میں جگہ بنا کر اچھی کارکردگی دکھانے کیلئے پرعزم ہیں۔