امام الحق نیشنل ٹی 20 کپ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز بن گئے
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بلے باز امام الحق اس وقت نیشنل ٹی 20 کپ میں سب سے زیادہ 292 رنز بنانے والے بلے باز بن گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نیشنل ٹی 20 کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے سنسنی خیز مقابلے جاری ہیں جس میں سینئر کھلاڑیوں کیساتھ ساتھ نوجوان کھلاڑی بھی بھرپور کارکردگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز قومی ٹی 20 کپ میں بلوچستان کی نمائندگی کرنے والے امام الحق اس وقت نیشنل ٹی 20 کپ میں سب سے زیادہ 292 رنز بنانے والے بیٹسمین ہیں جن میں 94، 80 ناٹ آؤٹ اور 92 ناٹ آؤٹ کی تین اہم اننگز شامل ہیں۔
امام الحق کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ وہ تینوں فارمیٹس میں اپنی موجودگی کیلئے محنت کرتے نظر آتے ہیں جبکہ ون ڈے انٹرنیشنل میں ان کی پوزیشن خاصی مستحکم ہے اور وہ 37 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 7 سنچریوں اور 6 نصف سنچریوں کی مدد سے 1723 رنز بنا چکے ہیں۔
آسٹریلیا کے خلاف ایڈیلیڈ ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں مایوس کن کارکردگی کے بعد اب وہ عابد علی اور شان مسعود کی جوڑی کو اننگز کا آغاز کرتا دیکھ رہے ہیں لیکن یہ سب جانتے ہیں کہ امام الحق ٹیسٹ کرکٹ میں بھی ایک قابل اعتماد بیٹسمین رہے ہیں اور ان کی اپنے اولین ٹیسٹ میں 74 رنز ناٹ آؤٹ کی وہ اننگز کبھی نہیں بھلائی جا سکتی جس نے پاکستانی ٹیم کو آئرلینڈ کے خلاف پانچ وکٹوں کی جیت سے ہمکنار کیا تھا۔