اپوزیشن کی حکومت مخالف تحریک،پی ٹی آئی بھی خم ٹھونک کر میدان میں آگئی، بڑا اعلان کردیا
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجازاحمدچوہدری نے کہاکہ پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ کرپٹ ترین جماعتیں ہیں جن کی چوری عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہے، اپوزیشن کی احتجاجی تحریک کا مقصد اپنی چوری کو بچانا ہے،پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے درباریوں اور مداریوں کا ٹولہ قوم سے جھوٹ بول رہا ہے، سارے چور وں کا اتحاد ملکر بھی حکومت کا کچھ بگاڑ نہیں سکتا، ملک میں کرپشن اور لوٹ مار کی ذمہ دار پیپلزپارٹی اور نون لیگ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پارٹی سیکرٹریٹ میں رکن صوبائی اسمبلی چوہدری ارشد،سرفراز ڈوگر، ڈاکٹر جاوید اقبال،راجہ منور، ملک قیصرسمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے اعجاز چوہدری نے کہاکہ نوازشریف زرخرید غلاموں کو ملک کے خلاف اکسا رہے ہیں، نواز شریف کو عدالتی مجرم مفرور اشتہاری اور لٹیراتک قرار دے چکی ہیں،اپوزیشن کو فری ہینڈدیا ہے کہ اگر وہ جلسے یا ریلیاں کرنا چاہتے ہیں تو ان پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، اگر اپوزیشن نے قانون کو ہاتھ میں تو پھر قانون فوری حرکت میں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی روک تھام کے لئے ذخیرہ اندوزوں اور گراں فراشوں کے خلاف وزیراعظم عمران خان نے سخت ایکشن کا حکم دیا ہے ،ذخیرہ اندوز اور گراں فروشوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، اب بے روزگار ٹولے کے پاس کوئی کام نہیں رہا وہ قوم کے لئے کونسا ایجنڈا لانا چاہتے ہیں، چوروں، ڈکیتوں وطن فروشوں اور پاک فوج کو گالیاں دینے والوں سے کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔اعجاز چوہدری کا کہنا تھا کہ سردیوں میں کورونا کی لہر میں شدت آسکتی ہے اس لئے ضروری ہے کہ کورونا سے بچنے کے لئے حکومت ایس او پیز پر عملدرآمد کریں، حکومت نے بہترین احتیاطی تدابیر اور بہترین پالیسی اپنائی۔